30 اکتوبر ، 2014
اسٹاک ہوم .........سوئیڈن نے باضابطہ طور پر فلسطین کو الگ ریاست تسلیم کرلیا ہے، فلسطینی صدر محمود عباس نے سوئیڈن کے اس اقدام کا خیر مقدم کیا ہے۔سوئیڈن کی وزیر خارجہ مارگوٹ وال اسٹروم نے اپنے بیان میں اس بات کا اعلان کیا ہے ۔اس حوالے سے ان کا کہنا ہے کہ یہ سوئیڈن کی جانب سے اہم اقدام ہے جو فلسطینیوں کے حق خودارادیت کی تصدیق کرتا ہے۔ اس اقدام کے بعد سوئیڈن پہلا مغربی یورپ کا ملک بن گیا ہے، جس نے فلسطین کو ریاست تسلیم کیا ہے، حکومتی فیصلے کے ایک مہینے کے اندر یہ اعلان سامنے آیا ہے۔ وزیرخارجہ مارگوٹ کا مزید کہنا تھا کہ امید ہے کہ سوئیڈن کا یہ قدم دوسروں کو بھی راستہ دکھائے گا۔فلسطینی صدر محمود عباس نے سوئیڈن کی جانب سے فلسطین کو تسلیم کیے جانے کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے دلیرانہ اور تاریخی اقدام قرار دیا ،جبکہ اسرائیل نے افسوس کااظہار کرتے ہوئے احتجاجاً سوئیڈن کے سفیر کو طلب کرلیا ہے ۔دوسری طرف امریکا نے سوئیڈن کی مخالفت کرتے ہوئے اسے قبل از وقت فیصلہ قرار دیا اور کہا کہ فلسطین اور اسرائیل کی ریاست کا مسئلہ صر ف مذاکرات سے ہی حل ہوگا۔مشرقی یورپ کے 7ملک بلغاریہ، قبرص، چیک ری پبلک، ہنگری، مالٹا،پولینڈاور رومانیہ فلسطین کو بطور ریاست تسلیم کرچکے ہیں۔