22 اپریل ، 2012
پیرس … فرانس میں صدارتی انتخابات کے سلسلے میں پولنگ ختم ہوگئی اور ووٹوں کی گنتی کا سلسلہ جاری ہے ۔ فرانس کے 85 ہزار پولنگ اسٹیشنوں پر 4 کروڑ 40لاکھ ووٹرزہیں جن کیلئے پولنگ کے وقت میں بھی اضافہ کیا گیا تھا۔ فرا نس میں مسلمان ووٹروں کی تعداد 10 فیصد تک بتائی جاتی ہے اور گزشتہ دنوں ہونے والے فسادات نے سرکوزی کی پوزیشن مسلم ووٹرز کی نظر میں خاصی غیر مستحکم کردی ہے جبکہ فرانسو اولینڈ اپنی پالیسیوں کی وجہ سے پسندیدہ قرار دیئے جارہے ہیں۔تجزیہ کاروں کے مطابق آج کا ووٹنگ ٹرن آوٴٹ پولنگ کے اگلے مرحلے میں فرانسو اولینڈ کی واضح برتری کا ثبوت ہے۔ تاہم یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ فرانس کے انتخابات ہمیشہ حیران کن ہوتے ہیں اس لیے امیدوں کے برخلاف بھی نتائج سامنے آسکتے ہیں۔ دوسرے ملکوں میں مقیم فرانسیسی شہری ہفتے کے روز اپنے ووٹ کاسٹ کر چکے تھے اور الیکشن کمیشن کے مطابق قبل ازوقت نتائج کا اعلان کرنے والوں پر جرمانہ عائد کیا جائے گا چاہے وہ فیس بک یا ٹوئٹر پر ہی کیوں نہ ہوں۔