06 نومبر ، 2014
پشاور......پشاور کے نواحی علاقہ متنی میں سیکورٹی اہل کاروں کی گاڑی کو حادثہ پیش آیا جس کے نتیجہ میں ایک سیکیورٹی اہل کار سمیت دو افراد جاں بحق اور 57 زخمی ہو گئے ہیں۔ پولیس کے مطابق سیکورٹی اہل کاروں کی گاڑی کو علاقہ متنی میں کوہاٹ روڈ پرزنگلی چیک پوسٹ کے قریب حادثہ پیش آیا۔ کوہاٹ سے پشاور آنے والی سیکورٹی اہل کاروں کی گاڑی میں تقریباً 70 سیکورٹی اہل کار سوار تھے۔ پولیس کے مطابق سیکورٹی اہل کاروں کی گاڑی اچانک سامنے آنے والے آئل ٹینکر سے ٹکر ا گئی۔ جس سے گاڑی بے قابو ہوکر الٹ گئی۔ حادثے میں ایک سیکیورٹی اہلکار اور ایک شہری جاں بحق جبکہ 57 سیکورٹی اہل کار زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کو لیڈی ریڈنگ اسپتال منتقل کیاگیا ہے جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔