07 نومبر ، 2014
تھر پارکر......تھر پارکر میں خشک سالی سے بچوں کی اموات کا سلسلہ نہ رُک سکا ۔ایک دن میں مزید دو بچے جان کی بازی ہار گئے ۔ ایک مہینے کے دوران جاں بحق ہونے والے بچوں کی تعداد 29 ہوگئی ہے۔تھرپارکر میں غذائی قلت سے بچوں کی اموات کا سلسلہ جاری ہے۔تحصیل اسپتال چھاچھرو میں غذائی قلت کا شکار 12دن کا بچہ جاں بحق ہوگیا ، ادھر مٹھی کے سول اسپتال میں بھی ایک نومولود بچہ دم توڑ گیا ۔ایک مہینے کے دوران 29بچے جاں بحق ہوچکے ہیں ۔ زیادہ تر اموات نوزائیدہ بچوں کی ہوئی ہیں۔خشک سالی سے متاثرہ تھرپارکر میں ابھی تک صورتحال معمول پر نہیں آسکی ہے۔اس سے پہلے وزیراعظم نواز شریف نے بھی تھر میں قحط سے بچوں کی ہلاکتوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے این ڈی ایم اے کی اعلی کمیٹی کو فوری طور پر تھر پہنچنے کی ہدایت کی ہے ۔یہ ٹیم تھر میں جاری اموات اور نقصانات کے تخمینے اور ازالے سے متعلق رپورٹ وزیراعظم کو پیش کرے گی۔