07 نومبر ، 2014
کوئٹہ .......بلوچستان میں بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے قائم آل پارٹیز ڈیموکریٹ الائنس نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ صوبے میں بلدیاتی انتخابات کے آخری مراحلے کو جلد مکمل کیا جائے ۔ آل پارٹیز ڈیمو کریٹک الائنس کے رہنماؤں کا اجلاس ہاؤس میں مسلم لیگ ق کے صوبائی پارلیمانی لیڈر صوبائی وزیر ایکسائز ٹیکسیشن اینڈ ریونیو شیخ جعفر خان مندوخیل کی صدارت میں منعقد ہوا اجلاس میں کوئٹہ شہر کی بڑھتی ہوئی آبادی اور اس کے مقابلے میں بلدیاتی نظام کا فعال نہ ہونے پر تشویش کااظہار کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ایک سال پورے ہونے کو ہے لیکن آج تک بلدیاتی نظام بحال نہ ہوسکا اور نہ ہی بلدیاتی انتخابات میں کامیاب کونسلروں سے حلف لیا گیا۔ اجلاس میں کہا گیا کہ اے پی ڈی اے نے عوام کے حقوق کی بحالی اور ووٹ کے تقدس کی بحالی کیلئے ایک طویل جدوجہد کی اور بلدیاتی نظام کی بحالی اور کونسلروں کے حقوق کیلئے اجتماعی جدوجہد کا راستہ اختیار کیا، بلدیاتی نظام کی بحالی کے بعد کونسلروں کا فرض ہے کہ وہ ان کے حقوق کی بحالی کیلئے لڑنے والوں کا ساتھ دیں تاکہ کوئٹہ شہر جو تباہی وبربادی کی تصویر بنی ہے کہ مسائل کے حل کیلئے اقداما ت اٹھائیں جاسکیں ۔