پاکستان
10 نومبر ، 2014

برلن :وزیراعظم نواز شریف 2روزہ دورے پر جرمنی پہنچ گئے

برلن :وزیراعظم نواز شریف 2روزہ دورے پر جرمنی پہنچ گئے

برلن......افضل ندیم ڈوگر......وزیر اعظم نواز شریف دوروزہ سرکاری دورے پر جرمنی پہنچ گئے،جرمنی پہنچنے پر وزیر اعظم کا برلن کے ٹیگل ملٹری ایئر بیس پر پرتپاک استقبال کیا گیا ،وزیر اعظم کو جرمن چانسلر انجیلا مرکل نے دورے کی دعوت دی تھی۔وزیر اعظم کے ہمراہ بیگم کلثوم نواز کے علاوہ معاون خصوصی طارق فاطمی اور دیگر حکام شامل ہیں۔ دورے کے دوران وزیراعظم نوازشریف اپنی میزبان جرمن چانسلر انجیلا مرکل کی جانب سے دیئے گئے ظہرانے میں شرکت کریں گے ۔ اس موقع پردونوں رہنمائوں کے علاوہ  وفود کی سطح پر مذاکرات بھی ہونگے جس میں دو طرفہ تعلقات، مختلف شعبوں میں تعاون، پہلےسے موجود عوامی سطح پر رابطوں میں فروغ کےامور پر تبادلہ خیال کے علاوہ پاکستان میں جرمن سرمایہ کاری بالخصوص انرجی سیکٹر میں سرمایہ کاری کیلئے غیر ملکی سرمایا کاروں کو دی جانے والی ترغیبات اورمراعات سے جرمن چانسلر کو آگاہ کرینگے۔ وزیراعظم اپنی مصروفیات میں جرمن پارلیمنٹ کے صدر سے بھی ملاقات کریں گے اور دونوں ملکوں کےدرمیان پارلیمنٹیرین کے تبادلوں اورپارلیمانی رابطوں پربھی بات چیت ہوگی۔ وزیراعظم نوازشریف جرمنی میں بزنس فورم سے بھی خطاب کرینگے جس کا اہتمام پاکستان کے سرمایہ کاری بورڈ نے کیا ہے، اس فورم میں جرمنی میں مقیم پاکستانیوں کے علاوہ بڑی تعداد میں جرمن سرمایہ کار بزنس ایگزیکٹو کی شرکت متوقع ہے۔

مزید خبریں :