کھیل
13 نومبر ، 2014

روہت شرما کی ریکارڈ سازبیٹنگ،سری لنکا کو 153 رنز سے شکست

 روہت شرما کی ریکارڈ سازبیٹنگ،سری لنکا کو 153 رنز سے شکست

کولکتہ.........بھارتی ٹیم کے بلے باز روہت شرما کی ریکارڈ ساز بیٹنگ کی بدولت بھارت نے سری لنکا کو چوتھے ایک روزہ میچ میں 153 رنز سے شکست دے دی ہے۔ بھارتی ٹیم نے مقررہ 50 اورز میں ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پانچ وکٹ کے نقصان پر 404 رنز کا ریکارڈ ساز ہدف سری لنکا کو میچ جیتنے کے لیے دیا تھا۔ کولکتہ کا ایڈن گارڈنزصرف روہت شرما کے بیٹ کے اسٹروکس سے گونجتا رہا، بھارتی بیٹسمین نے ہوم گرائونڈ کے سامنے سری لنکن بولرز کی ایسی دُھلائی کی جو اُنہیں مدتوں یاد رہے گی۔ اس اننگز کے دوران اُنہوں نے اپنے بلے سے کئی ریکارڈز پاش پاش کر ڈالے اور کئی بنا بھی دیئے۔ روہت شرما ون ڈے کرکٹ کی تاریخ کی سب سے بڑی انفرادی اننگز 264 رنز اور ون ڈے کرکٹ میں دو ڈبل سنچریاں بنانے والے پہلے بیٹسمین بن گئے ہیں۔ اپنی ریکارڈ ساز اننگز کے دوران سب سے زیادہ چوکے لگانے، گیندیں کھیلنے کا ریکارڈ بھی بنایا، جبکہ اننگز کے دوران ویرات کوہلی کے ساتھ تیسری وکٹ پر 202 رنز کی شراکت بھی قائم کرڈالی۔ کوہلی 66 رنز بنا کر جبکہ روہت شرما اننگز کی آخری گیند پرآؤٹ ہوئے۔ سری لنکا نے جوابی اننگز کا آغاز کیا تو اُن کے بیٹسمین اس بڑے ہدف تلے دب گئے اور پوری ٹیم 44 ویں اورز میں 251 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی، کپتان اینجیلو میتھیوز 75 اور تھرمانے 59 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، بھارتی ٹیم کی جانب سے دھاول کلکرنی نے چار وکٹیں حاصل کیں، پانچ میچوں کی سیریز میں بھارت کوچار صفر کی برتری حاصل ہوگئی ہے۔

مزید خبریں :