Time 03 مارچ ، 2025
کھیل

راشدلطیف کا پاکستان کرکٹ کی بہتری کیلئے 'نائنٹیز' کے دورکےقومی کرکٹرزکو دور رکھنےکا مشورہ

قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان  راشدلطیف  نے 'نائنٹیز'  (1990) کے دور کے قومی کرکٹرز کو  پاکستان کرکٹ  سے  دور   رکھنے کا  مشورہ دے دیا۔

جیونیوز کے پروگرام 'ہارنا منع ہے' میں میزبان تابش ہاشمی نےسوال کیا کہ کیا وجہ ہے کہ 1992 کا ورلڈ کپ جیتنےکے بعد دوسرا ورلڈکپ (ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2009) جیتنے میں 17 سال لگ گئے، پھر اس کے بعد چیمپئنز ٹرافی جیتنے میں 8 سے 9 سال لگ گئے؟

اس پر سابق کپتان راشدلطیف نے بے ساختہ کہا کہ 17 سال اس لیے لگ گئےکہ نائنٹیز والوں نے جان نہیں چھوڑی تھی۔ راشد لطیف کا کہنا تھا کہ نائنٹیز والوں کو دور  رکھیں، منیجمنٹ سے بھی اور  ٹیم سے بھی تو پھر یہ جیتنےکی کوشش کریں گے۔

 راشدلطیف کا کہنا تھا کہ وہ خود بھی نائنٹیز والوں میں شامل ہیں۔ اس موقع پر وضاحت کرتے ہوئے ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ پاکستان کی خدمت کرتے ہوئے وہ تھک چکے ہوں گے انہیں تھوڑا دور رکھیں۔

 راشدلطیف کا یہ بیان ایسے وقت سامنے آیا ہے جب دفاعی چیمپئن اور چیمپئنز ٹرافی کا میزبان پاکستان ایونٹ شروع ہونےکے 5 دن بعد ہی ٹرافی کی دوڑ سے باہر ہوچکا ہے۔


مزید خبریں :