23 اپریل ، 2012
تہران… ایرانی صدر احمدی نژاد نے کہا ہے کہ عالمی قوتیں ایران اور عراق پر قبضہ جمانے کے مقصد سے ہمیشہ دونوں ملکوں کو کمزور بنانے کے درپے رہتی ہیں ، ایران اورعراق کی قوموں کے درمیان اختلاف پیدا کرنے کیلئے امریکااوراسرائیلی حکومت کی سازشیں کبھی کامیاب نہیں ہوسکتیں،دونوں ملکوں میں مختلف شعبوں میں دو طرفہ تعلقات کے فروغ کی راہ میں کوئی رکاوٹ نہیں پائی جاتی۔وہ پیر کو تہران میں عراق کے وزیر اعظم نوری المالکی سے گفتگو کررہے تھے ۔ دونوں رہنماوٴں نے دو طرفہ تعلقات کے فروغ اور مشرق وسطی میں امن کے قیام کیلئے تمام توانائیوں سے استفادہ کئے جانے کی ضرورت پر زور دیا ۔اس موقع پر ایرانی صدر نے علاقے میں ایران اور عراق کے کردار کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ملکوں کی قومیں ہوشیاری کے ساتھ اپنی سا لمیت اور آزادی کا بھرپور دفاع کررہی ہیں ۔ ملاقات میں عراق کے وزیر اعظم نوری المالکی نے بھی ایران اور عراق کے مثالی و خوشگوار تعلقات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے مختلف شعبوں میں دو طرفہ تعاون کے فروغ کی ضرورت پر زوردیا ۔