18 نومبر ، 2014
لاڑکانہ......لاڑکانہ کی ضلعی انتظامیہ نے پاکستان تحریک انصاف کو 21 نومبرکو جلسےکا اجازت نامہ جاری کردیاہے۔ ڈپٹی کمشنرکے مطابق جلسہ لاڑکانہ شہر سے 12کلومیٹر دور تحصیل باکرانی کے گاؤں علی آباد میں ہوگا۔ ضابطہ اخلاق میں جلسے کے دوران نظریہ پاکستان، افواج پاکستان اور عدلیہ کے خلاف نعرے اور تقاریر پر پابندی ہوگی۔ڈپٹی کمشنر لاڑکانہ گنہور لغاری کے مطابق تحریک انصاف کے مقامی رہ نما شفقت حسین انڑ نے لاڑکانہ کی تحصیل باکرانی کے گاؤں علی آباد میں 21 نومبر کی صبح دس بجے جلسے کی درخواست دی تھی۔جسے منظور کرتے ہوئے اجازت نامہ جاری کر دیا ہے۔ پی ٹی آئی اور ضلعی انتظامیہ کے درمیان طے ہونے والے ضابطہ اخلاق کے مطابق جلسے کے دوران نظریہء پاکستان، افواج اور عدلیہ کے خلاف نعرے اور تقاریر پر پابندی ہوگی۔کسی بھی سیاسی اور مذہبی جماعت کے پرچم یا کسی شخصیت کا پتلا جلانے، اسلحے کی نمائش اور آتش بازی پر پابندی ہوگی۔ ضابطہ اخلاق کے مطابق جلسے کی پارکنگ کا انتظام منتظمین اور ڈسٹرکٹ انتظامیہ مشترکہ طور پر کریں گے۔ جلسہ گاہ اور اسٹیج کی سیکیورٹی کی ذمہ داری تحریک انصاف کی انتظامیہ کی ہوگی جبکہ اسٹیج پر آنے والوں کی فہرست 24 گھنٹے قبل پولیس کو فراہم کی جائے گی۔ جلسے کےلئے وال چاکنگ کرنے کی اجازت نہیں ہوگی اور نہ ہی پہلے سے لگے ہوئے بینر اتارنے کی اجازت ہوگی۔