18 نومبر ، 2014
کراچی......سعودی ائیر پورٹس پر پی آئی اے کے طیاروں کو ایندھن فراہم کر نے والی کمپنی کو قومی ائیر لائن کی جانب سے واجبات کی عدم ادائیگی کے باعث 12 سے زائد پروازیں متاثر ہونے کاخدشہ ہے۔ ذرائع کے مطابق قومی ایئر لائنز نے ایک بار پھر نااہلی کا ثبوت دیتے ہوئے سعودی ائیر پورٹس پر پی آئی اے کے طیاروں کو ایندھن فراہم کر نے والی کمپنی کو واجبات ادا نہیں کئے جس کے باعث سعودی عرب کے مختلف شہروں کو جانے والی 12 سے زائد پروازوں کو مشکلات کا سامنا ہے، ذرائع کے مطابق فیول کمپنی نے واجبات کی عدم ا دائیگی کے باعث پی آئی اے کو ایندھن کی فراہمی نقد ادائیگی سے مشروط کردی ہے۔ تقریبا 40 لاکھ ڈالر کی ادائیگی پر سعودی کمپنی 2 ماہ سے قومی ائیر لائن کی انتظامیہ کو یاد دہانی کروارہی ہے جس پر پی آئی اے انتظامیہ نے معمول کے مطابق اب تک توجہ نہیں دی۔