پاکستان
18 نومبر ، 2014

دیو بند مسلک کی مختلف سیاسی ومذہبی جماعتوں کا نیا اتحاد قائم

دیو بند مسلک کی مختلف سیاسی ومذہبی جماعتوں کا نیا اتحاد قائم

اسلام آباد..........دیو بند مسلک کی مختلف سیاسی ومذہبی جماعتوں نے نیا اتحاد قائم کر لیا، مولانا فضل الرحمان کہتے ہیں اگر کوئی سمجھتا ہے کہ تحفظ ناموس رسالت قانون میں اصلاح ہو سکتی ہے تو تجویز پیش کرے۔ دیو بند مسلک کی مختلف سیاسی ومذہبی جماعتوں اور وفاق المدارس کا اجلاس مجلس احرار اسلام کے سربراہ مولانا عطا المومن بخاری کی زیر صدارت اسلام آباد میں ہوا۔ اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ میں بتایا گیا کہ ایک سپریم کونسل قائم کی گئی ہے، جس کے سربراہ مولانا عبدالرزاق ہوں گے۔ یہ کونسل پاکستان میں اسلامی نظام کے نفاذ اور فرقہ واریت کے خاتمے کے لیے بھی جدو جہد کرے گی۔ علما دیو بند نے کہا کہ بین الاقوامی طاقتیں اسلامی جمہوریہ کو سیکولر ملک میں تبدیل کرنے کی کوشش کررہی ہیں جو کامیاب نہیں ہونے دیں گے، مقام اہل بیت وصحابہ کرام کا تحفظ کیا جائے گا ۔ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ اگر کوئی سمجھتا ہے کہ تحفظ ناموس رسالت قانون میں اصلاح ہو سکتی ہے تو تجویز پیش کرے۔ ابھی تک کوئی تجویز سامنے نہیں آئی ہے، محض یہ باتیں کہنا کہ اس میں ترمیم ہونی چاہیئے تو یہ قانون کے خاتمے کی خواہش ہے، اس کے پیچھے اس کی اصلاح کی کوشش نہیں ہے اگر کوئی سمجھتا ہے کہ اس میں اصلاح کی گنجائش ہے تو وہ تجویز لائے تاکہ پتہ چلے کہ وہ کیا کہنا چاہتا ہے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ملک سے فرقہ واریت کے خاتمے کے لیے دیگر مسالک سے بھی رابطے کیے جائیں گے جب کہ تعلیمی نصاب میں غیر ملکی کلچر کے فروغ کی روک تھام کے لیے اقدامات بھی کیے جائیں گے ۔

مزید خبریں :