18 نومبر ، 2014
اسلام آباد........ترجمان دفتر خارجہ تسنیم اسلم کا کہنا ہے کہ آپریشن ضرب میں تمام دہشت گردوں کے خلاف بلا تفریق کارروائی ہو رہی ہے، مشیر خارجہ کا بیان تاریخی پس منظر میں تھا۔ ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ مشیر خارجہ سرتاج عزیز کاغیر ملکی نشریاتی ادارے کو انٹرویو تاریخی تناظر میں تھا ، پاکستان کی پالیسی اور عمل کو ہرقسم کی دہشت گردی کے خلاف جنگ کے تناظر میں دیکھا جانا چاہیے۔ برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق سرتاج عزیز نے اپنے انٹرویو میں کہا تھا کہ جو امریکا کے دشمن ہیں وہ خواہ مخواہ ہمارے دشمن کیسے ہو گئے۔ انہوں نے حقانی نیٹ ورک کے بارے میں کہا کہ جب امریکا نے افغانستان پر حملہ کیا تو وہ تمام لوگ جن کو ہم نے مل کر مسلح کیا تھا اور تربیت دی تھی، انہیں ہماری طرف دھکیل دیا گیا، ان میں سے کچھ ہمارے لیے خطرہ ہیں اور کچھ نہیں ہیں، تو ہم سب کو کیوں دشمن بنائیں؟