20 نومبر ، 2014
لاہور......پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری کا کہنا ہے کہ انقلاب کے مشن سے نہیں ہٹے ، حکمت عملی تبدیل کی، مزید دھرنا جاری رکھنا بے سود تھا، شہر شہر جاکر عوام کو جگائیں گے کینیڈا سے واپسی پر ماڈل ٹاؤن میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہو ئے ان کا کہنا تھا کہ وہ سانحہ ماڈل ٹاؤن پر بنائی گئی جے آئی ٹی کو انصاف کا قتل سمجھتے ہیں، جن چیزوں پر مذاکرات میں اتفاق کیا گیا اس کی خلاف ورزی کی گئی، پوری جے آئی ٹی متاثرہ فریق کو سو فیصد مسترد کر کے بنائی گئی۔ لاہور میں اپنی رہائش گاہ پر میڈیا سے گفت گو میں طاہر القادری کا کہنا تھا کہ انہوں نے شرط رکھی تھی کہ جے آئی ٹی میں ایک افسر کے پی کے پولیس سے،ایک آئی بی اور ایک ایم آئی کا افسر شامل ہوگا، پنجاب پولیس کا افسر نہیں ہوگا۔اگر قاتل خود تفتیش کرنے لگے تو انصاف نہیں ملتا۔ طاہر القادری کا کہنا تھا کہ جسٹس نجفی کی سربراہی میں قائم کمیشن نے پنجاب حکومت کو قتل عام کا ذمہ دار قرار دیا ۔ اگر رپورٹ وزیراعظم،وزیراعلیٰ کے حق میں آتی توکیا اس پرنظر ثانی کمیٹی بنائی جاتی؟۔ رپورٹ دبانا اس بات کا ثبوت ہے کہ حکومت اس میں ملوث ہے۔