20 نومبر ، 2014
اسلام آباد.........وفاقی وزیر سیفران عبدالقادر بلوچ کا کہنا ہے کہ شمالی وزیر ستان کا سو فیصد علاقہ کلیئر نہیں ہوا ہے اور آئی ڈی پیز سے تھوڑا مزید صبر کرنے کی درخواست ہے۔ خیبر پختونخوا حکومت نے آئی ڈی پیز کے لیے مطلوبہ وسائل فراہم نہیں کیے اور وفاقی حکومت اب تک 7 ارب روپے خرچ کر چکی ہے۔ اسلام آباد میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر عبدالقادر بلوچ کا کہنا تھا کہ دہشت گرد انتظار میں ہیں کہ شمالی وزیرستان میں لوگ واپس آئیں اور وہ اپنی کارروائیاں پھر سے شروع کرسکیں۔ آئی ڈی پیز کی کل تعداد 15 لاکھ ہے، جن میں سے 6 لاکھ شمالی وزیرستان سے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ آئی ڈی پیز کی واپسی، بحالی اور تعمیر نو پر 70 لاکھ روپے فی خاندان خرچ آئے گا، اس وقت آئی ڈی پیز کو فی خاندان 22 ہزار روپے ماہانا دیے جا رہے ہیں۔