20 نومبر ، 2014
اسلام آباد.........وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ انٹیلی جنس بیورو کو خصوصی فنڈز دہشت گردی کے خلاف جنگ کے لیے جاری کیے ہیں، عمران خان یہ حساس معلومات عام نہ کرنے کا وعدہ کریں تو انہیں تفصیلات بتا سکتا ہوں۔ اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا کہ آئی بی کو جاری فنڈز دہشت گردی کے خلاف جنگ کے لیے ہیں اور اس کی تفصیلات بڑی حساس ہیں۔ عمران خان جس رقم کے حوالے سے الزام لگا رہے ہیں اس کا آڈٹ بھی ہونا ہے۔ عمران خان یہ وعدہ کریں کہ وہ یہ انفارمیشن پبلک نہیں کریں گے تو ہمیں یہ انفارمیشن ان کو دکھانے میں کوئی اعتراض نہیں ہے۔ اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ آئی بی کو دہشت گردی کے خلاف جنگ کے لیے جو فنڈز جاری کیے گئے ہیں، اس کا فائدہ خیبر پختونخوا کو بھی ہو گا۔ دہشت گردی کے خلاف آلات لینے کے لیے یہ رقم جاری کی گئی ہے، جس کا فائدہ خیبرپختونخوا کو بھی ہوگا اور ان کے پاس بھی آلات اور مشنیری پہنچ جائے گی۔ اسحاق ڈار نے کہا کہ موجودہ حکومت نے اپنے دور اقتدار میں تمام خفیہ فنڈ ختم کردیے ہیں، صرف آئی ایس آئی اور آئی بی کے پاس خفیہ فنڈز ہوتے ہیں اور ان کا آڈٹ بھی ہوتا ہے، تاہم ان کی رپورٹس قومی مفاد میں خفیہ رکھی جاتی ہیں۔