20 نومبر ، 2014
مستونگ ......ضلع مستونگ کےعلاقے دشت میں ریلوے ٹریک پر بم دھماکےکے نتیجے میں نواب بگٹی ایکسپریس کی چھ بوگیاں پٹڑی سے اتر نےسےچھ افراد زخمی ہوئے۔ ریلوے ٹریک تباہ ہونے سے کوئٹہ سبی سیکشن پر ٹرینوں کی آمد رفت معطل ہوگئی ۔کوئٹہ سے ندیم کوثر کی رپورٹ کے مطابق دشت کےعلاقے میں ریلوے ٹریک پر دھماکہ اس وقت ہوا جب لاہور سے کوئٹہ آنےوالی نواب اکبر بگٹی ایکسپریس وہاں سے گزر رہی تھی، انجن کے علاوہ ٹرین کی چھ بوگیاں پٹڑی سے اترگئیں، جس کے نتیجے میں چھ مسافر زخمی ہوگئے، دھماکے اور ٹرین کےپٹڑی سے اتر نے سے ٹرین کے مسافروں میں بھگدڑ مچ گئی اور خوف و ہراس پھیل گیا،واقعہ کے بعد پانچ سو سے زائد مسافروں کو کوئٹہ آنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ۔ واقعہ کے ایف سی لیویز اور ریسکیو ٹیمیں جائے حاد ثہ پر پہنچ گئیں،زخمیوں کو ایمبولینس اور متاثرہ ٹرین کے مسافروں کونجی ٹرانسپورٹ کے ذریعے کوئٹہ منتقل کیاگیا ،بم ڈسپوزل اسکواڈ کے مطابق دھماکہ ریمورٹ کنڑول بم کے ذریعے کیا گیا جس میں 8 کلو دھماکہ خیز مواد استعمال کیا گیا ،ڈویژنل سپرٹنڈنٹ ریلویز کوئٹہ نے بتایا کہ ٹرین کےپٹڑی سے اتر نے سے تین سو فٹ ریلوے ٹریک تباہ ہواجس سے کوئٹہ سبی سیکشن پرریلوے ٹریفک معطل ہوگئی جس کی بحال کیلئے کام شروع کردیا گیا اورٹریک جمعہ کی صبح تک درست ہوجائے گا۔وزیراعلیٰ عبدالمالک بلوچ نے واقعہ کی مذمت کی ہے ۔