20 نومبر ، 2014
کراچی ......متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ ملک کے مختلف حصوں میں جاگیردار ذہنیت کے عناصر ایم کیو ایم کے خلاف سازشیں کر رہے ہیں، الطاف حسین کے نظریے سے انتہا پسندوں کے ایوان لرز اُٹھے ہیں۔ خالد مقبول صدیقی نے کراچی کے علاقے پاک کالونی، بلدیہ ٹاوٴن، ناظم آباد اور ایم کیو ایم لیبر ڈویژن کی جانب سے آئی آئی چندریگر روڈ پر پاکستان پوسٹ آفس کے مرکزی دفتر میں قائم ممبر سازی کیمپس کا دورہ کیا، انھوں نے کہا کہ الطاف حسین کے نظریے کی گونج سے جاگیر داروں، سرمایہ داروں اور انتہا پسندوں کے ایوان لرز اُٹھے ہیں۔ ملک کے مختلف حصوں میں جاگیر دار ذہنیت کے عناصر ایم کیو ایم کے خلاف سازشیں کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم نے 36 سال قبل جس جدوجہد کا آغاز کیا تھا وہ آج ملک کی سیاسی جماعتیں اپنے جلسوں اور دھرنوں میں کررہی ہیں ۔