24 اپریل ، 2012
کراچی…پاکستان کرکٹ ٹیم کے کوچ ڈیوواٹ مورکی سفارش پر پاکستان کرکٹ بورڈ نے دیگر 7کرکٹرز سمیت تجربہ کار مڈل آرڈر بیٹسمین محمد یوسف کو منگل کے روز فٹنس ٹیسٹ کے لیے طلب کرلیا ہے۔ قومی ٹیم کے کوچ واٹ مور سری لنکا کے دورے میں پاکستانی ٹیم کے مڈل آرڈر کے شعبے کو مضبوط بنانے کے خواہشمند ہیں اور وہ سینئر کھلاڑیوں پرانحصار کررہے ہیں، محمد یوسف جو ڈیڑھ سال سے زائد عرصے سے ڈومیسٹک اور انٹرنیشنل کرکٹ سے دور ہیں تاہم ان دنوں اسٹار بیٹسمین نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں ٹریننگ کررہے ہیں جہاں قومی ٹیم کے کوچ واٹ مور بھی انہیں ٹپس دے رہے ہیں۔فٹنس ٹیسٹ کی روشنی میں یوسف کے مستقبل کے بارے میں فیصلہ کیا جائے گا۔ منگل کو لاہور میں ہونے والے فٹنس ٹیسٹ میں سعید اجمل، محمد حفیظ، اعزاز چیمہ، سہیل تنویر، عمر اکمل، کامران اکمل اور فاسٹ بولرر محمد عرفان کو بھی مدعو کیا گیا ہے جس کے بعد کیمپ میں شامل دیگر کھلاڑیوں کا بھی مرحلہ وار فٹنس ٹیسٹ لیا جائے گا اس دوران ٹیم کے کوچ واٹ مور ، بولنگ کوچ فاؤنٹین اپنی مکمل رپورٹ تیارکرکے دورئہ سری لنکا کے لیے ممکنہ مکمل فٹ کھلاڑیوں کی فہرست قومی سلیکشن کمیٹی کے حوالے کریں گے۔ علاوہ ازیں کوچز قومی سلیکشن کمیٹی کے اجلاس میں مشاورت کے دوران سلیکٹرز کو اپنے فیصلے پر رضامند کرنے کے لیے موٴثر دلائل اور مشورے دیں گے۔