24 اپریل ، 2012
بدین… بدین میں سرکاری پلاٹ پر قبضے کی سرپرستی کے الزام میں پولیس نے پیرملوک شاہ کی خاتون گدی نشین کو گرفتار کرلیا، جس کی رہائی کے لئے دھرنا دینے والے مظاہرین اور پولیس میں تصادم ہوا، مظاہرین کی فائرنگ سے ایک راہگیر سر میں گولی لگنے سے شدید زخمی ہوگیا۔ واٹر سپلائی اسٹیشن کے قریب سرکاری پلاٹ پہ قبضے کا تنازعہ شدت اختیا کرگیا ہے۔ رات بھر قابضین اور پولیس کے درمیان جاری ہوائی فائرنگ اور قبضے کی سرپرستی کے الزام میں پیر ملوک شاہ کی خاتون گدی نشین بی بی جلو عرف ڈاڈا سائیں کی گرفتاری کے بعد صورتحال مزید کشیدہ ہوگئی ہے۔ گدی نشین کی گرفتاری کے خلاف ایک فریق کے حامی کی جانب سے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، مظاہرین نے ایوان صحافت کے سامنے دھرنا دیکر روڈ بلاک کر دی، اس موقع پر دوسرے فریق کے افراد بھی پہنچ گئے اور آمنے سامنے نعرہ بازی شروع کر دی ، جس کے بعد مخالفین اور پولیس میں تصادم ہوا جس میں ڈنڈوں کا آزادانہ استعمال کیا گیا، دوسری جانب پلاٹ پر قابضین کی جانب سے وقفے وقفے سے فائرنگ کا سلسلہ جاری ہے جس کی زد میں آکر ایک راہگیر سر میں گولی لگنے سے زخمی ہوگیا۔پولیس نے بھرپور کاروائی کے لئے بھاری نفری طلب کر لی ہے اور علاقے کو سیل کر دیا گیا ہے۔