24 اپریل ، 2012
پشاور… خیبر پختونخوا بار کونسل نے پشاور ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے سالانہ انتخابات کوغیر قانونی قرار دے کر بار کے بینک اکاونٹس منجمد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔خیبر پختونخوا بار کونسل کا اجلاس وائس چیئرمین فضل تواب کی صدارت میں ہوا۔ بار کونسل نے پشاور ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے سالانہ انتخابات کالعدم قرار دیا۔ وائس چئیرمین نے بتایا کہ انتخابات سے ایک دن قبل بار کونسل نے انتخابی شیڈول معطل کرنے اور نیاشیڈول جاری کرنے کا نوٹی فکیشن جاری کیا تھا تاہم اس کے الیکشن کمشنر نے انتخابات کرائیں۔وائس چیئرمین کا کہنا تھا کہ ہائی کورٹ بار کے انتخابات بار کونسل کی فراہم کردہ ووٹرز لسٹ کے مطابق نہیں ہوئے جو بار کونسل رولز کی خلاف ورزی ہے۔ وائس چیر مین نے انتخابات کالعدم قرار دیکر بار ایسوسی ایشن کے اکاونٹس منجمد کرانے اور الیکشن کمشنر کے خلاف انضباطی کارروائی کا بھی فیصلہ کیا۔