28 نومبر ، 2014
کراچی........گزشتہ دنوں کراچی سے ملنے والی باجوڑ ایجنسی کی15 بچیاں والدین کے حوالے کردی گئیں ۔ سندھ کی وزیر برائے سماجی بہبودروبینہ قائم خانی نے کہا ہے کہ آئی جی سندھ کو غیر قانونی مدارس کے خلاف کارروائی کی ہدایت کر دی ہے۔ باجوڑ ایجنسی سے تعلق رکھنے والی15بچیوں کو قانونی کارروائی کے بعدان کے والدین کے سپرد کردیا گیاجبکہ 20 بچیوں کو کراچی میں صوبائی وزیر برائے سماجی بہبود روبینہ قائم خانی نے اسسٹنٹ پولیٹیکل ایجنٹ فاٹا فیاض شیرپاؤ کے حوالے کیا۔ اس موقع پر بچیوں کے رشتہ دار بھی موجود تھے۔ روبینہ قائم خانی کا کہنا تھا کہ پولیٹیکل ایجنٹ فاٹا میں تصدیق کے بعد بچیوں کو ان کے والدین کے حوالے کریں گے۔ اسسٹنٹ پولیٹیکل ایجنٹ فاٹا فیاض شیرپاؤ کا کہنا تھاکہ بچیوں کو لے جانے کے لئے وفاق سے سی ون تھرٹی طیارہ فراہم کرنے کی درخواست کی ہے ۔ 20 بچیوں کوہفتہ کی صبح 8 بجے نجی ایئرلائن کے ذریعے پشاورروانہ کیا جائے گا۔ باجوڑ ایجنسی سے تعلق رکھنے والی ان معصوم بچیوں نے جب مدرسہ دارالاطفال اللبنات کراچی میں اپنے پیاروں کو دیکھاتو ان کے چہرے کھل گئے۔ بچیوں کی حوالگی کے معاملے پرسیاسی رہنما فیصل کریم کنڈی، اخوانزادہ چٹان خان اور نور عالم خصوصی طور پرپشاور سے کراچی پہنچے ۔ سابق ڈپٹی اسپیکرقومی فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھاکہ کچھ بچیوں کا تعلق مالا کنڈ سے بھی ہے۔ اس موقع پرسندھ کی وزیر برائے سماجی بہبودروبینہ قائم خانی نے کہا کہ آئی جی سندھ کو غیر قانونی مدارس کے خلاف کارروائی کی ہدایت بھی کی ہے ۔