پاکستان
28 نومبر ، 2014

مذاکرات کی بحالی کیلئے پاکستان کی عزت داؤ پر نہیں لگائینگے، وزیراعظم

مذاکرات کی بحالی کیلئے پاکستان کی عزت داؤ پر نہیں لگائینگے، وزیراعظم

کراچی........وزیراعظم نوازشریف نے کہا ہے کہ پاک بھارت مذاکرات کی بحالی کے لیے پاکستان کی عزت اور خودمختاری کو داؤ پر نہیں لگایا جائے گا۔ میاں نوازشریف نے سارک سربراہ کانفرنس سے وطن واپسی پر طیارے میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بھارت سے مذاکرات دوبارہ شروع کرنا چاہتے ہیں لیکن یہ بات چیت ’مذاکرات برائے مذاکرات‘ نہیں ہونے چاہییں۔ ’مذاکرات کو منسوخ بھارت نے کیا اور اس کی بحالی کے لیے پاکستان کی عزت اور خود مختاری کو داؤ پر نہیں لگایا جائے گا۔ وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان سیکریٹری سطح کے مذاکرات منسوخ کیے گئے ہیں لیکن اس کا یہ مطلب نہیں کہ سلام دعا سے بھی گئے۔ ان کا کہنا تھا کہ سارک کانفرنس کے آخری روز سب سربراہان نے ایک دوسرے سے مصافحہ کیا۔وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ’پاکستان اپنے موقف پر قائم ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان بات چیت سے قبل پاکستان کے بھارت میں ہائی کمشنر کشمیری رہنماؤں سے ملاقات کرتے ہیں اور یہ عام بات ہے۔‘ کنٹرول لائن اور ورکنگ باؤنڈری پر فائرنگ سے متعلق سوال پر وزیراعظم نے کہا کہ اگر مذاکرات ہو رہے ہوتے تو یہ مسئلہ ان مذاکرات میں اٹھایاجاتا۔ یہ پہلا موقع ہے کہ بھارت نے ورکنگ باؤنڈری پر بھی فائرنگ کی ہے۔

مزید خبریں :