24 اپریل ، 2012
مظفر آباد…آزاد جموں و کشمیر ٹریفک پولیس کی تنظیم نو، پانچ سو افسروں اور جوانوں پر مشتمل پاکستان موٹر ویز کی طرز پرنئی فورس قائم کر دی گئی۔موٹر وے کی طرز کی نئی فورس کی تقریب رونمائی پولیس لائن مظفرآباد میں منعقد ہوئی۔ وزیر ٹرانسپورٹ آزاد کشمیر اور اسمبلی میں ایم کیو ایم کے پارلیمانی لیڈر محمد طاہر کھوکھر نے امید ظاہر کی کہ نئی ٹریفک پولیس موجودہ نظام میں تازہ خون ثابت ہوگی اور نوجوان افسر اور جوان فرض شناسی کی اعلیٰ روایات قائم کریں گے۔ انہوں نے بتایا کہ آزاد کشمیر بھر میں پبلک سروس گاڑیوں کے ڈرائیوروں کے لائسنس کمپیوٹرائز کرنے کے سارے انتظامات مکمل ہیں۔ انسپکٹر جنرل پولیس آزاد کشمیر محمد طارق کھوکھر نے بتایا کہ پوری فورس نئے افسروں اور جوانوں پر مشتمل ہے جنہوں نے موٹر وے پولیس کے ساتھ مل کر اپنی پیشہ وارانہ زندگی کا آغاز کیا ہے۔