09 دسمبر ، 2014
کراچی ......وزیر اطلاعات سندھ شرجیل میمن کاکہنا ہے کہ عمران خان تصادم کی سیاست سے گریز کریں،ہم نہیں چاہیں گے کہ عمران خان کراچی میں زبردستی کاروبار بند کرائیں ، ایم کیو ایم کے رہنما خواجہ اظہار الحسن کا کہنا ہے کہ کراچی بند کرنے کا فیصلہ خود عوام کریں گے۔سندھ اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اطلاعات شرجیل میمن نے کہا کہ ن لیگ کی قیادت کو پالیسی کو تبدیل کر نے کی ضرورت ہے، عمران خان بھی تصادم کی سیاست سے گریز کریں، سب جانتے ہیں کہ نیا پاکستان کا ماڈل عمران خان کیسا بنانا چاہ رہے ہیں۔ایم کیو ایم کے رہنما خواجہ اظہار الحسن نے کہا کہ 12 دسمبر کو شہر بند کرنے کا فیصلہ کراچی کے عوام کریں گے۔وزیر جیل خانہ جات منظور وسان نے کہا کہ عمران خان کو جذباتی ہونے کی ضرورت نہیں اور حکومت کو بھی ٹھنڈے دل سے مسئلہ حل کرنا چاہئے۔منظور وسان نے کہا کہ اب تو حکومت میں واپسی کی جگہ نہیں لیکن ہوسکتا ہے کہ متحدہ ہم سے تعاون کرے، جیسے اسلام آباد کی برسات ہوتی ہے پی پی پی اور اور متحدہ کے تعلقات بھی کبھی بنتے ہیں اور کبھی بگڑتے ہیں۔