25 اپریل ، 2012
مظفر آباد…آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے اسپیکر نے وزیر اعظم آزادکشمیر کی طرف سے اعلیٰ عدلیہ کے ججز سے متعلق توہین آمیز بیان دینے کے خلاف اپوزیشن کی تحریک التوا مسترد کر دی جس پر اپوزیشن جماعت کے ارکان نے اجلاس کا بائکاٹ کردیا۔آزادکشمیر اسمبلی کا اجلاس اسپیکر سردار غلام صادق کی صدارت میں ڈیڑھ گھنٹے کی تا خیر سے شروع ہوا،اجلاس کے دوران اپوزیشن اراکین نے حکومت اور اسپیکر کے رویہ کے خلاف دو مرتبہ احتجاجاً واک آؤٹ بھی کیا،اجلاس میں گیاری سیکٹر ،بھوجا ایئر لائن اور نیلم و پلندری میں پیش آنے والے واقعات و حادثات میں جاں بحق افراد کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کی گئی،بعدازاں اسپیکر نے اسمبلی کا اجلاس جمعہ کے روز صبح دس بجے تک کیلئے ملتوی کردیا۔