دنیا
17 دسمبر ، 2014

اسپین :سانحہ پشاور پر پاکستانی اورا سپنش کمیونٹی سراپا احتجاج

 اسپین :سانحہ پشاور پر پاکستانی اورا سپنش کمیونٹی سراپا احتجاج

بارسلونا......شفقت علی رضا...... اسپین کے مختلف شہروں میں مقیم مقامی اور دوسرے ممالک سے تعلق رکھنے والے افراد نے سانحہ پشاور کی پر زور مذمت کرتے ہوئے شہید ہونے والے بچوں کے لواحقین سے اظہار افسوس کیا ہے ۔اس ضمن میں بارسلونا کے نواحی علاقے بادالونا میں پاک پنجاب ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام شہداء پشاور کے لئے شمعیں روشن اور ان کی غائبانہ نماز جنازہ ادا کی گئی ۔بارسلونا سنٹر کے معروف چوک رامبلہ راوال پر خواتین کی ایسوسی ایشن آسے سوپ نے شہداء پشاور کے لئے شمعیں روشن کیں اورا سپانش کمیونٹی کے ساتھ مل کر شہید بچوں کے والدین سے اظہار یکجہتی کے پیغامات ریکارڈ کرائے ۔اوسپتالیت میں آل پاکستانی فیمیلیز ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام ہونے والے کرسمس کے سالانہ پروگرام میں شرکاء نے سانحہ پشاور کے شہداء کے لئے دو منٹ کی خاموشی اختیار کرکے اظہار یکجہتی کیا ۔اسپین کی سب سے بڑی سیاسی پارٹی سوشلسٹ کی سالانہ میٹنگ میں شہداء پشاور کے لئے کاتالونیا کے سیکرٹری امیگریشن خوسے ماریا سالا نے خاموشی کی اپیل کی جس پر تمام شرکاء احترام میں دو منٹ خاموش رہے ۔سوشلسٹ پارٹی کی میٹنگ میں پاکستان ،شام ، مراکش ، کولمبیا ، بلغاریہ ، ایکواڈور ،ارجنٹائن ، میکسیکو ، پیرو ، برازیل ، براعظم افریقہ کے ممالک ، یوکرائن ،روس اور دوسرے ممالک کے افراد نے سانحہ پشاور پر اپنا تعزیتی پیغام نوٹ کرایا ۔میٹنگ میں ڈپٹی میئر اوسپتالیت خے سوس ، فواد احمد ، کمال ، دی بائیکا ، میاں عمران ساجد ،جمیل اشرف ، ارسلان نمبردار ، اور سیکرٹری امیگریشن بارسلونا سٹی حافظ عبدالرزاق صادق نے خطاب کرتے ہوئے سخت الفاظ میں سانحہ پشاور کی مذمت کی ۔ڈائریکٹر جنرل مذہبی امور کاتالونیا’’ اینریک ویندریل‘‘ نے پاکستانیوں کے ایک وفد سے ملاقات کی جس میں انہوں نے سانحہ پشاور میں شہید ہونے والے بچوں کے لواحقین کو اپنا پیغام دیتے ہوئے کہا کہ دہشت گرد کا کوئی مذہب نہیں ہوتا۔ دنیا کے بہت سے ممالک دہشت گردی کی لپیٹ میں ہیں لیکن پاکستان میں گذشتہ روز ہونے والے سانحہ نے پوری دنیا کی اقوام کے دلوں کو دہلا دیا ہے ۔ڈائریکٹر جنرل مذہبی امور سے ملاقات کرنے والے پاکستانی وفد میں وزارت مذہبی امور پاکستان کے معاون خصوصی حافظ سجاد قمر ،عوامی تحریک اسپین کے صدر محمد اقبال چوہدری ، سینئر نائب صدر چوہدری امانت مہر ،پاکستان مسلم لیگ ن اسپین کے جوائنٹ سیکرٹری میاں عمران ساجد ، عوامی تحریک کے فنانس سیکرٹری چوہدری امتیاز آکیہ شامل تھے ۔پاکستان مسلم لیگ ن اسپین کے صدر میاں محمد اظہر ،پاکستان پیپلز پارٹی اسپین کے صدر عمر فاروق رانجھا ،پاکستان مسلم لیگ قاف کے چیئر مین چوہدری امتیاز آف لوراں ،تحریک انصاف کے راہنماوں قیصر نت ، راجہ امجد خالق ، گوہر بخاری ، طارق رفیق بھٹی ، عبدالصبور اور ناصر چھینہ نے سانحہ پشاور کو پاکستان کی تاریخ کا سیاہ دن قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ کون سا مذہب یا مسلک ہے جس کے ماننے والے بچوں کو مار کر تسکین حاصل کرتے ہیں یہ کون لوگ ہیں جو اپنے آقاوں کو خوش کرنے کے لئے معصوموں کی جان لے رہے ہیں ۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ درندے مسلمان نہیں ہو سکتے ان کا کوئی مذہب یا مسلک نہیں ہے ۔سماجی شخصیت الحاج قاری چوہدری عبدالرحمان ، راجہ ٹیپو ، محقق سہیل حیدر ،علامہ عبدالرشید شریفی ، پاک کاتالان فیڈریشن کے صدر کامران خان ، چوہدری جاوید و چوہدری شرافت علی آف چک سکندر ،سکندر حیات گوندل ، علی ذوالفقار حشمت ،مظہر وڑائچانوالہ ، پرویز اختر جانی ،حاجی نوید وڑائچ ،مرزا ندیم بیگ ، سفیان یونس ، چوہدری شہزاد اکبر وڑائچ ،جاوید احمد ، مہر علی قمر چوہدری ، منظور حسین شمس ، حاجی اسد حسین ، چوہدری رمضان ، سیٹھ حمید ، چوہدری شمس گھمن ، ظفر پہلوان ،چوہدری طارق مہدی گجر ، چوہدری اشفاق دیو ، بابر باجوہ ، بلال باجوہ ، راول چیمہ ، منہاج القرآن سپین کے امام مسجد علامہ عبدالمعروف ،محمد نواز جرال ، عامر ریاض آسے سوپ کی صدر ڈاکٹر ہما جمشید اور دوسرے بہت سے پاکستانیوں نے سانحہ پشاور میں ملوث عناصر کا قلع قمع کرنے اور ان کے ساتھیوں کو جیلوں میں سزائے موت دینے کا مطالبہ کیا ہے تاکہ آئندہ کوئی شر پسند ایسی مذموم حرکت نہ کر سکے ۔اسپین میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کا کہنا ہے کہ سانحہ پشاور کے بعد شہداء کے لواحقین سے اظہار یکجہتی اور طالبان کو کیفر کردار تک پہنچانے کے لئے پاکستان کے تمام سیاسی راہنما ایک میز پر بیٹھے ہیں جو خوش آئند ہے اس سے ملک میں دہشت گردی پر قابو پانے کے لئے مل کر موثر اقدامات کئے جا سکیں گے ۔اسپین کے صوبہ کاتالونیا کی ممبر پارلیمنٹ سارہ ولا جو کہ چند دن قبل پاکستان کا دورہ کر کے آئی ہیں انہوں نے اپنا بیان ریکارڈ کرواتے ہوئے کہا کہ شام ، عراق ، افغانستان اور پاکستان اس وقت سخت قسم کی دہشت گردی کا شکار ہیں جس کا سب سے بڑا شکار پاکستان کے شہر پشاور میںاسکول کے معصوم بچے ہوئے ہیں انہوں نے کہا کہ میں سانحہ پشاور کیمذمت کرتی ہوں اور چاہوں گی کہ آئندہ اجلاس میں ہمارے ممبر پارلیمنٹ کچھ دیر کی خاموشی اختیار کرکے شہید بچوں کے والدین سے اظہار یکجہتی کریں ۔اسپین کی مساجد میں آج ہر نماز کے بعد سانحہ پشاور کے شہداء کے لئے دعائیں کی گئیں ۔یہاںمقیم پاکستانی کمیونٹی کے ساتھ ساتھ درد دل رکھنے والے افراد کی آنکھیں پرنم ہیں ۔پاکستانی کمیونٹی کا ایک ہی مطالبہ ہے کہ جیلوں میں بند ان طالبان کو پھانسی پر لٹکایا جائے جنہیں عدالتوں نے موت کی سزا سنا رکھی ہے ۔



مزید خبریں :