26 اپریل ، 2012
کراچی… پیپلز پارٹی کے ارکان سندھ اسمبلی کا کہنا ہے کہ سپریم کورٹ کا فیصلہ آنے کے بعد ان کی جماعت آئندہ کا لائحہ عمل طے کرے گی۔۔ ان کا کہنا ہے کہ انھوں نت ماضی میں بھی اداروں کا احترام کیا ہے اور آئندہ بھی کریں گے۔یہ بات اراکین سندھ اسمبلی نے شہلا رضا، آغا سراج درانی، عمران لغاری، علی مراد راجڑ سمیت دیگر نے کراچی ائیرپورٹ پر اسلام آباد روانگی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ اراکین نے کہا کہ وزیر اعظم ماضی میں بھی عدالت میں پیش ہو چکے ہیں، آج بھی پیش ہو رہے ہیں اور ہم ان سے اظہار یکجہتی کے لئے جا رہے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ وہ صرف پیپلز پارٹی کے ہی نہیں بلکہ ملک کے وزیر اعظم ہیں۔ اراکین نے کہا کہ ان کی جماعت نے ماضی میں بھی عدلیہ کے فیصلوں کا احترام کیا اورآئندہ بھی کرے گی۔ انھوں نے کہاکہ ہمارے قائد شہید ذوالفقار علی بھٹو نے کہا تھا کہ میں تاریخ کے ہاتھوں مرنا پسند کروں گا نہ کہ ڈکٹیٹر کے ہاتھ اورانھوں نے موت کو قبول کیا۔ اراکین نے کہا کہ ہم نے محترمہ بے نظیر بھٹو کے ساتھ بھی تمام عدالتوں میں حاضری دی، اور صدر مملکت نے 11 سال سے زائد جیلیں کاٹیں۔