پاکستان
22 دسمبر ، 2014

غیر قانونی افغان مہاجرین کو بے دخل کیے بغیر امن ممکن نہیں، عمران خان

غیر قانونی افغان مہاجرین کو بے دخل کیے بغیر امن ممکن نہیں، عمران خان

پشاور ...........عمران خان نے کہا ہے کہ فرنٹیئر کانسٹبلری کے اہلکاروں کی واپسی اور غیر قانونی افغان مہاجرین کو بیدخل کیے بغیر امن ممکن نہیں، وفاقی حکومت کو خیبرپختونخوا حکومت کی مالی مدد کرنی چاہیے۔پشاور میں پریس کانفرنس میں عمران خان نے کہا کہ 23ہزار میں سے صرف 800فرنٹیئر کانسٹبلری کے اہلکار خیبر پختونخوا کے پاس ہیں،جس کی وجہ سے فاٹا اور صوبے کے درمیان سرحدات کی حفاظت میں مشکل پیش آ رہی ہے۔ عمران خان نے 20 لاکھ آئی ڈی پیز کو صوبے پراضافی مالی بوجھ کا سبب قرار دیتے ہوئے کہا کہ خیبرپختونخوا میں 17 لاکھ افغان مہاجرین ہیں جن میں سے پانچ لاکھ غیر قانونی طور پر یہاں مقیم ہیں، جوقیام امن میں بڑی رکاوٹ ہے جبکہ غیر قانونی سمیں اور کال ٹریس کرنے کی سہولت نہ ملنے سے دہشت گردی کو روکنے میں مشکلات کا سامنا ہے۔عمران خان کے مطابق سانحہ پشاور کے بعد خیبر پختونخوا اور وفاقی حکومت پر دہشت گردی کے خاتمے کے لیے عوامی دباؤ میں بے پناہ اضافہ ہواہے، دہشت گردی کے خلاف جنگ مشکل ضرور ہے لیکن اسے جیتنا ناممکن نہیں، اس لیے وفاقی حکومت امن و امان کے قیام میں صوبائی حکومت سے تعاون کرے۔ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے آرمی پبلک اسکول کا دورہ کیا اور سانحہ پشاور کے شہید طلبہ اور پرنسپل طاہر قاضی کے گھر جا کر فاتحہ خوانی کی اور اہل خانہ سے دلی افسوس و ہمدردی کا اظہار کیا۔

مزید خبریں :