24 دسمبر ، 2014
اسلام آباد.....گلگت بلتستان کے بیشتر علاقوں میں موسم ابر آلود ہے ۔پنجاب میں دھند کی وجہ سے ٹریفک اور فلائٹ شیڈیول متاثر ہوئے ہیں ۔ ملک بھر میں موسم سرد اور خشک ہے ۔پنجاب میں ملتان ،فیصل آباد،بہاول پور ،مظفر گڑھ سمیت بیشتر علاقوں میں شدید دھند چھائی رہی ہے جس سے ٹریفک کی روانی اور فلائٹ شیڈیول بھی بری طرح متاثر ہوئے ہیں ۔گلگت بلتستان میں اسکردو،ہنزہ نگر،استور اور غذر میں موسم ابر آلود ہے جبکہ شدید سردی کی لہر برقرار ہے ،سردی کی وجہ سےجلانے کی لکڑیاں اور ایل پی جی گیس مہنگے داموں فروخت ہو رہی ہے ۔محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں موسم سرد اور خشک رہنےکی توقع ہے ۔بالائی علاقوں میں موسم ابر آلود رہےگا۔مالاکنڈ ،گلگت بلتستان اور ملحقہ پہاڑی علاقوں میں بارش اور برفباری کا امکان ہے ۔