پاکستان
01 جنوری ، 2015

ذکی لکھوی کی رہائی پربھارتی واویلا غیرضروری ہے، دفترخارجہ

 ذکی لکھوی کی رہائی پربھارتی واویلا غیرضروری ہے، دفترخارجہ

اسلام آباد ....ترجمان دفتر خارجہ تسنیم اسلم نے کہا ہے کہ ذکی الرحمان لکھوی کی ضمانت پر رہائی کےمعاملےپر بھارتی واویلا غیر ضروری اور افسوس ناک ہے، بھارت نے یقین دہانی کے باوجود سمجھوتہ ایکسپریس پر دہشت گرد حملے کی تحقیقات فراہم نہیں کیں ۔دفتر خارجہ اسلام آباد میں ہفتہ وار نیوز بریفنگ میں ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ ذکی الرحمان لکھوی کا مقدمہ عدالت میں زیر سماعت ہے، بھارت نے بدقسمتی سے اس پر غیر ضروری واویلا کیا، میڈیا ٹرائل سے کچھ حاصل نہ ہوگا، سمجھوتہ ایکسپریس کا واقعہ ممبئی حملوں سے دو سال قبل ہوا، بھارت نے یقین دہانی کے باوجود سمجھوتہ ایکسپریس واقعہ کی تحقیقات شیئر نہیں کیں۔انہوں نے مزید کہا کہ سمجھوتہ ایکسپریس حملے میں بھارتی فوجی افسران اور دیگر بڑی سیاسی جماعتوں سے وابستہ تنظیموں کے ملوث ہونے کے ثبوت حملے میں نامزد ملزم سوامی اسیم نند نے دئیے، جسے اقرار جرم کے باوجود 28 اگست 2014 کو ضمانت پر رہا کر دیا گیا، لیکن ہم نے کوئی شور نہیں مچایا، حالانکہ سمجھوتہ ایکسپریس واقعہ ممبئی حملوں سے 2 سال قبل ہو ا تھا۔ ترجمان نےبتایاکہ دو طرفہ معاہدے کے تحت پاکستان اور بھارت نے یکم جنوری کو قیدیوں اور سول نیوکلیئر تنصیبات کی فہرستوں کا تبادلہ کیا ہے، بھارت میں ہمارے 360 سویلین اور 150 ماہی گیر قید ہیں تاہم بھارتی لسٹ میں یہ تعداد کچھ اور ہے۔نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمیشن کو فراہم کی جانے والی بھارتی فہرست کے مطابق اس وقت بھارت میں 385 پاکستانی قیدی موجود ہیں، جن میں 253 سویلین اور 132 ماہی گیر شامل ہیں، تاہم ہمارے ریکارڈ کے مطابق بھارت میں اس وقت 510 پاکستانی قیدی ہیں، جن میں 360 سویلین اور 150 ماہی گیر ہیں۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ امریکی وزیر خارجہ جان کیری رواں ماہ پاکستان کا دورہ کریں گے ، پاک ایران گیس پائپ لائن کے لئے پر عزم ہیں، اس حوالے سے دونوں ممالک رابطے میں ہیں۔

مزید خبریں :