04 جنوری ، 2015
بیت المقدس........فلسطین کی جانب سے جرائم کی عالمی عدالت آئی سی سی میں رکنیت کی درخواست دینے کے بعد اسرائیل نے فلسطین کو محصولات کے ذریعے وصول کی جانے والی رقوم کی منتقلی روک دی ہے۔فلسطینی انتظامیہ نے جرائم کی عالمی عدالت کی رکنیت کے لیے جمعے کو اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کو درخواست دی تھی جس کے بعد اسرائیلی حکام نے کہا ہےکہ محصولات کی مد میں فلسطینی انتظامیہ کی طرف سے جو بارہ کروڑ ستر لاکھ ڈالر وصول کئے تھے وہ فلسطین کو منتقل نہیں کیے جائیں گے۔ فلسطینی حکام نے اس اقدام کی مذمت کی ہے اور اسے ایک اور جنگی جرم قرار دیا ہے۔ بین الاقوامی جرائم کی عدالت کی رکنیت حاصل کرنے کے بعد فلسطین اسرائیل کے خلاف جنگی جرائم کے مقدمات چلانے کی درخواست کر سکتا ہے۔