08 جنوری ، 2015
کراچی ......نیشنل گرڈ سے کے الیکٹرک کو دی جانے والی 650میگاواٹ بجلی کا معاہدہ 26جنوری کو ختم ہو جائے گا ، 5سالہ معاہدے میں مزید توسیع دیے جانے کا کوئی امکان نہیں ہے۔ کراچی کے شہری لوڈ شیڈنگ میں قابل ذکر اضافے کیلئے تیار ہوجائیں۔ ذرائع کے مطابق 26 جنوری کو معاہدے کی مدت ختم ہونے کے بعد اس بات کا کوئی امکان نہیں کہ کے الیکٹرک کو نیشنل گرڈ سے 650میگاواٹ بجلی کی فراہمی جاری رکھی جا سکے۔ ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت کی طرف سے کے الیکٹرک سے کہا جائے گا کہ وہ بجلی صارفین کی ضروریات پوری کرنے کیلئے اپنے پاور پلانٹس کو پوری صلاحیت پر چلائے ۔ذرائع نے مزید بتایا کہ نیشنل پاورسسٹم پہلے ہی پی ایس او اور نجی بجلی گھروں کے قرضوں تلے دبا ہوا ہے۔ ان حالات میں کے الیکٹرک کے ساتھ بجلی فراھمی کا معاہدہ جاری رکھنا ممکن نہیں ۔کراچی میں ڈھائی ہزار میگاواٹ بجلی استعمال ہوتی ہے اور اگر وفاقی حکومت کی جانب سے 650 میگاواٹ بجلی کی فراہمی بند ہوگئی تو شہر میں لوڈ شیڈنگ میں قابل ذکر اضافہ ہوجائے گا۔