09 جنوری ، 2015
اسلام آباد........ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ پہلے ہی ارادہ تھا کہ شادی سادگی سے کروں گا، اندازہ نہیں تھا کہ شادی کا اتنا بڑا ردِ عمل آئے گا، جس جس نے مبارک دی ان سب کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ مفتی سعید کے مدرکے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ ان کا ابھی شادی کا کوئی پلان نہیں تھا بلکہ 20 کے بعد شادی کرنی تھی، تاہم جب میڈیا میں ریحام خان کیلئے غلط خبریں آنا شروع ہوئیں تو فوری شادی کا فیصلہ کیا۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ جو کوئی بھی مجھے تحفے بھیجنا چاہتا ہے تو تحفے کے بجائے وہ شوکت خانم کے فنڈ کیلئے پیسا بھیجیں خواہ 100 روپے ہی کیوں نہ ہوں، اس خوشی کے موقع پر ہم لوگوں کی مدد کریں۔ ریحام خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ پاکستانی عوام کا سپورٹ کرنے پر شکریہ ادا کرتی ہیں، ہمیں زیادہ سے زیادہ دعائوں کی ضرورت ہے، اللہ کرے کہ 2015 کا سال خوشحالی کا ہو۔ اس سے قبل عمران خان اپنی دلہن ریحام خان کے ساتھ چھتر پارک میں واقع مفتی سعید کے مدرسے پہنچے جہاں انہوں نے مدرسے کے بچوں کے ساتھ کھانا کھا یا۔ریحام خان نے جامنی رنگ کا جوڑا پہنا ہوا تھا، ریحام خان کی بہن اور بچے بھی ان کے ساتھ تھے۔ملک کے مختلف شہروں میں پاکستان تحریک انصاف کے کارکن پارٹی چیئرمین عمران خان کی شادی پر خوشی کا اظہار کررہے ہیں۔ لاہور میںمنعقدہ ایک تقریب میں تحریک انصاف کی صوبائی ومقامی قیادت نے شرکت کی اور مٹھائیاں تقسیم کیں۔کوئٹہ میںعمران خان کی شادی کی خوشی میں پی ٹی آئی کارکنوں نے پریس کلب کے سامنےجشن منایا اور ڈھول کی تھاپ پررقص کیا۔