05 مارچ ، 2025
نوبیل انعام یافتہ پاکستانی سماجی کارکن ملالہ یوسفزئی ایک روزہ دورے پر اپنے آبائی علاقے شانگلہ پہنچیں، اپنے پرانے گھرکا دورہ کیا اور رشتہ داروں سے بھی ملاقات کی۔
ملالہ یوسفزئی کی شانگلہ کےگاؤں شاہ پور آمد پر خاندان اور اسکول کے بچوں نے ان کا استقبال کیا۔
ملالہ یوسفزئی کے ساتھ ان کے والد ضیاء الدین یوسفزئی اور والدہ بھی موجود تھیں۔ وہ اپنے آبائی گاؤں میں پرانےگھر بھی گئیں اور رشتہ داروں سے ملاقات کی۔
ڈی آئی جی مالاکنڈ ڈویژن شیر اکبر خان کے مطابق نوبیل ایوارڈ یافتہ ملالہ یوسفزئی نے یتیم اور غریب بچیوں کے لیے تعمیر شدہ ملالہ یوسفزئی اسکول کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے طالبات سے ملاقات کی۔
شیر اکبر خان کے مطابق ملالہ یوسفزئی نے شاہ پور گرلز ہائی اسکول کی تقریب میں بھی شرکت کی اور پھر شانگلہ سے واپس اسلام آبادکےلیے روانہ ہوگئیں۔