09 جنوری ، 2015
اسلام آباد..........تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے اپنی شادہ کی مبارکباد دینے والے ہر شخص کا شکریہ ادا کیا ہے اور کہا ہے کہ انہیں شادی کا تحفہ دینے کے بجائے لوگ شوکت خانم اسپتال پشاور کے فنڈ میں پیسہ دیں۔ عمران خان اپنی کالے رنگ کی گاڑی خود ڈرائیو کرکے اپنی نئی نویلی دلہن کو چھتر کے علاقے میں قائم مفتی سعید خان کے مدرسے میں لائے۔ گہرے نیلے رنگ کے کورٹ اور سفید رنگ کے کرتے میں ملبوس عمران اپنی دلہن کے ساتھ گاڑی سے اترے اور سیدھے الندوہ ٹرسٹ میں زیر تعلیم بچوں کے پاس لائبریری میں گئے اور نوبیاہتا جوڑے نے بچوں کے درمیان بیٹھ کرکھانا کھایا۔عمران خان نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ وہ بیس جنوری کے بعد شادی کرنا چاہتے تھے مگر مجبورا انہیں شادی پہلے کرنا پڑی۔ عمران خان نے کہا کہ پاکستان میں گیارہ کروڑ لوگوں کو دو وقت کی روٹی نہیں ملتی، لوگ شادی کے موقع پر پیسہ ضائع نہ کریں۔ انہوں نے شادی کی مبارکباد دینے والوں کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ انہیں کسی تحفے کی ضرورت نہیں۔ میڈیا سے بات چیتے کے بعد عمران اپنی دلہن کے ساتھ گاڑی میں بیٹھے اور واپس بنی گالہ روانہ ہوگئے۔