29 جنوری ، 2015
واشنگٹن.........مستعفی امریکی وزیر دفاع چک ہیگل کے لیے الوادعی تقریب کا انعقاد کیا گیا،، اس موقع پر صدر اوباما نے انہیں خراج تحسین پیش کیا جبکہ فوجی دستے نے سلامی دی۔واشنگٹن کے جوائنٹ بیس فورٹ مائرہینڈرسن ہال میں چک ہیگل کی الوادعی تقریب منعقد ہوئی۔ تقریب میں صدر اوباما، نائب صدر جو بائیڈن، وزیر خارجہ اور اعلیٰ عسکری قیادت نے شرکت کی ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر اوباما نے کہا کہ ہیگل سچے امریکی سپاہی ہیں جنہوں نے اپنی زندگی امریکا کے لیے وقف کی ۔ ہیگل نے مشرق وسطیٰ میں امریکی پارٹنرشپ کو مضبوط کیا جس سے داعش کے خلاف جنگ میں عرب ممالک کی شمولیت کی راہ ہموار ہوئی۔انہوں نے کہا کہ ہیگل کی اصلاحات کے نتیجے میں فوج مستقبل کے لیے بہتر طور پر تیار ہوئی ہے ۔تقریب سے چک ہیگل نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مشکل وقت میں قیادت سنبھالنے اور اعتماد کرنے پر صدر اوباما کا شکر گزار ہوں ۔الوداعی تقریب کے بعد صدر اوباما اور شرکا نے کھڑے ہوکر چک ہیگل کو خراج تحسین پیش کیا اور فوج کے دستے نے سلامی دی ۔