30 جنوری ، 2015
کراچی.........وزیر اعظم نواز شریف کراچی پہنچ گئے۔ سندھ کی اعلیٰ سیاسی قیادت سمیت دیگر سیاسی رہنماوں سے بات چیت اور کراچی کی صورتحال پر اہم فیصلے متوقع ہیں۔وزیراعلیٰ سندھ نے وزیرِ اعظم کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ قومی ایکشن پلان پرعملدرآمد کے لیے عملدرآمد کمیٹی،قانونی کمیٹی،میڈیا کمیٹی بنا دی ہے۔ پلان پرعملدرآمد کے لیے تیزی سے اقدامات کررہے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق وزیر اعظم نواز شریف کراچی پہنچ گئے ہیں ۔کراچی پہنچنے پر وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے وزیر اعظم نواز شریف کا استقبال کیا۔ متحدہ قومی موومنٹ کا وفد وزیر اعظم نوازشریف سے ملاقات کے لئے گورنر ہاوس میں پہلے سے ہی موجود تھا، وفد میں بابر غوری، قمر منصور، ڈاکٹر فاروق ستار اور حیدر عباس رضوی شامل ہیں جب کہ ایم کیو ایم کے مقتول کارکن سہیل احمد کے اہل خانہ بھی گورنر ہاوس پہنچ گئے۔ وزیراعظم ایم کیوایم کے مقتول کارکن سہیل احمد کےاہلخانہ سے ملاقات کریں گے۔ گزشتہ روز وزیر اعظم نے کراچی کی بگڑتی امن و امان کی صورتحال کو دیکھتے ہوئے کراچی کا ہنگامی دورہ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ ذرائع کے مطابق وزیر اٰعظم نواز شریف نے گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد اور وزیر اعلی سندھ سید قائم علی شاہ سے ملاقات میں ایم کیو ایم کے تحفظات دور کرنے اور صوبے میں شیاسی کشیدگی ختم کرکے اور مل بیٹھ معاملات حل کرنے کی ہدایت کی۔ وزیر اعلی سندھ نے بریفنگ میں بتایا کہ قومی ایکشن پلان پر عملدرآمد کے لئے عملدرآمد کمیٹی، قانونی کمیٹی اور میڈیا کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔ کمیٹیاں قومی ایکشن پلان پر عملدرآمد کے لئے تیزی سے اقدامات کررہی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ فوجی عدالتوں کے قیام کے لئے پیش رفت تیزی سے جاری ہے۔امن و امان سے متعلق اجلاس میں ڈی جی رینجرز ، آئی جی سندھ ایڈیشنل آئی جی پولیس دیگر قانون نافذ کرنے والے افسران بھی شریک ہیں۔