29 اپریل ، 2012
لاہور … مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی کی حکومت کو مزید وقت نہیں دیا جا سکتا، لانگ مارچ سے جج بحال کراسکتے ہیں تو ایک اور لانگ مارچ سے زرداری اور گیلانی سے بھی پیچھا چھڑا سکتے ہیں۔ لاہور میں والٹن روڈ پر پارٹی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ پیپلزپارٹی کے 4 سالوں میں لوگوں کے مسائل میں اضافہ ہوا، آج عوام کو بجلی اور گیس کے بل تو آتے ہیں مگر بجلی اور گیس نہیں آتی۔ انہوں نے کہا کہ اگر وزیراعظم سپریم کورٹ کے فیصلوں کا احترام نہیں کرینگے تو کسی اور عدالتی فیصلوں کے احترام کی امید کیسے کر سکتے ہیں۔ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی کو خود پر اتنا اعتماد ہے تو میدان میں آئے، اس کے خلاف جلد اعلان جنگ کر دیا جائے گا ۔