کھیل
04 فروری ، 2015

جوبلی انشورنس اسنوکر :سلطان محمد نےمحمد سجاد کاریکارڈ برابر کردیا

کراچی......سلطان محمد نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے جوبلی انشورنس نیشنل اسنوکر چیمپئن شپ میں 131 کا بریک کھیل کر محمد سجاد کا موجودہ چیمپئن شپ میں سب سے بڑا بریک کھیلنے کا ریکارڈ برابر کردیا۔ عبدالنعیم 124اورعبدالستار 105 کا بریک کھیلنے میں کامیاب رہے۔ محمد سجاد، خرم حسین اغا، عبدالستار، بابر مسیح، محمد اصف، سلطان محمد اور ریمبل گل سمیت سات کھلاڑیوں چیمپئن شپ کے پری کوارٹر فائنل میں جگہ حاصل کرلی جبکہ بقیہ 9 کھلاڑی لیگ مرحلے کے آخری روز جمعرات کو ناک آئوٹ مرحلے میں جگہ حاصل کریں گے۔ ناک آئوٹ مرحلے کا آغاز جمعے سے ہوگا۔ پاکستان بلیئرڈاینڈ اسنوکر ایسوسی ایشن کے زیراہتمام کراچی کے مقامی ہوٹل میں جاری چیمپئن شپ میں بدھ کے روز کھیلے گئے پہلے میچ میں اسلام آباد کے محمد نعمان اقبال نے سندھ کے محمد توفیق جوہری کو 4-3 فریم سے زیرکیا۔ ان کی فتح کا اسکور(59-58، 41-77، 75-47، 70-42، 41-75، 25-67 اور59-28 )رہا، پنجاب کے محمد سجاد نے سندھ کے توفیق جوہری کو4-1 سے مات دی۔ سابق قومی چیمپئن نے (73-31، 44-52، 65-33، 85-08 اور67-37) سے فتح حاصل کی۔ پنجاب کے عمران شہزاد پنجاب کے حنین عامر کو4-2 سے ہرایا۔ پنجاب کے حنین عامر نے اپنے ہی صوبے کے عامر طارق کو4-3 سے، پنجاب کے عبدالرحیم نے سندھ کے مارک جان کو 4-1 سے، بلوچستان کے بہادر خان نے پنجاب کے محمد فہیم کو4-0 سے، پنجاب کے محمد احسن جاوید نے اسلام آباد کے گل افضل کو4-3 سے، کے پی کے کے شرجیل محمود نے سندھ کے عذیر عزیز کو4-2 سے، سندھ کے محمد فیضان نے بلوچستان کے سعیداحمد کو باآسانی4-1 سے، پنجاب کے شاہد آفتاب نے کے پی کے کے سربلند خان کو4-1 سے، سندھ کے عبدالستار نے اپنے ہی صوبے کے آئن مارک جان کو4-2 سے، پنجاب کے بابر مسیح نے پنجاب کے محمد اعجاز کو4-1 سے، سندھ کے محمد اشتیاق نے کے پی کے کے فرحان خان کو4-3 سے، پنجاب کے ثاقب بٹ نے بلوچستان کے جہانگیر بنگلزئی کیخلاف واک اوور حاصل کرلیا، پنجاب کے محمد عمران نے کے پی کے کے شان خان کو4-2 سے، سندھ کے ذوالفقار قادر نے کے پی کے کے نعمان اعوان کو4-0 سے جبکہ آخری میچ میں سندھ کے سلطان محمد نے اپنے ہی صوبے کے محمد عذیر عزیز کو 4-0 سے شکست دیدی۔

مزید خبریں :