Time 05 مارچ ، 2025
کھیل

دبئی میں کھیلنا ’ پلس پوائنٹ‘ ہے، شامی اور بھارتی کوچ کے بیانات میں تضاد

دبئی میں کھیلنا ’ پلس پوائنٹ‘ ہے، شامی اور بھارتی کوچ کے بیانات میں تضاد
چیمپئنز ٹرافی کے7 دیگر ممالک بشمول میزبان پاکستان کو دبئی اور پاکستان کے 3 مختلف شہروں کے درمیان مسلسل سفر کرنا پڑاہے/فوٹوفائل

دبئی :چیمپئنز ٹرافی کے فائنل سے  قبل بھارتی بولر محمد شامی اور کوچ گوتم گمبھیر کے دبئی میں بھارتی ٹیم کے سارے میچز کھیلنے سے متعلق “ایڈونٹیج” پر متضاد بیانات سامنے آگئے۔

بھارتی بولر محمد شامی نے بھارتی ٹیم کے دبئی میں مسلسل کھیلنے کو فائدہ قرار دیا جبکہ کوچ گوتم گمبھیر نے ٹیم کی کامیابی کو صرف کارکردگی کا نتیجہ بتایا اور “ ایڈونٹیج” قرار دینے والوں کو ہدف تنقید بنایا۔

دبئی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے سیمی فائنل میں آسٹریلیا کو شکست دینے کے بعد بھارتی فاسٹ بولر محمد شامی نے تسلیم کیا کہ چیمپئنز ٹرافی 2025 کے تمام میچز دبئی میں کھیلنے سے بھارتی ٹیم کو پچ کی کنڈیشنز اور حالات کو سمجھنے میں بہت مدد ملی ہے۔

محمد شامی نے سیمی فائنل میں آسٹریلیا کے خلاف شاندار بولنگ کرتے ہوئے3 وکٹیں حاصل کیں، انھوں نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ یقیناً ایک ہی مقام پر کھیلنے کی وجہ سے ہمیں ایڈونٹیج ملا ہے، یہ ایک اضافی فائدہ ہے کیونکہ ہم پچ کے رویے، موسم اور حالات سے اچھی طرح واقف ہو چکے ہیں۔

دوسری جانب بھارتی ٹیم کے کوچ گوتم گمبھیر نے بھارتی ٹیم کو ایک ہی وینیو پر کھیلنے کے حوالے سے کسی بھی قسم کے "غیر منصفانہ فائدے" کے دعوے کو سختی سے مسترد کردیا۔ انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایسا کچھ نہیں ہے کہ بھارتی ٹیم کو کسی قسم کا خصوصی فائدہ ملا ہو۔

چیمپئنز ٹرافی کے7 دیگر ممالک بشمول میزبان پاکستان کو دبئی اور پاکستان کے 3 مختلف شہروں کے درمیان مسلسل سفر کرنا پڑا، جسے متعدد سابق کرکٹرز نے "غیر منصفانہ" قرار دیا ہے۔

 اس کے برعکس بھارت نے اپنے تمام میچز دبئی میں کھیلے ہیں اور اب فائنل بھی دبئی میں ہی ہوگا۔

مزید خبریں :