08 نومبر ، 2022
بھارتی ٹیم کے کپتان روہت شرما، سابق کپتان ویرات کوہلی اور کوچ راہول ڈریوڈ نے فاسٹ بولرز کے لیے جہاز کی بزنس کلاس کی سیٹیں چھوڑ دیں۔
بھارتی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق بھارتی ٹیم میلبرن میں زمبابوے کے خلاف میچ کھیلنے کے بعد سیمی فائنل کے لیے ایڈیلیڈ روانہ ہوئی۔
تاہم میلبرن سے ایڈیلیڈ جانے کے لیے روہت شرما، ویرات کوہلی اور راہول ڈریوڈ کو جہاز کی بزنس کلاس کی سیٹیں دی گئیں جو انہوں نے فاسٹ بولرز محمد شامی، ارشدیپ سنگھ، بھونیوشور کمار اور ہاردک پانڈیا کو دے دیں۔
ٹیم کے اسٹاف ممبر نے بھارتی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے بتایا کہ 'راہول، روہت اور ویرات نے یہ فیصلہ فاسٹ بولرز کے آرام کے لیے کیا کیونکہ گراؤنڈ میں سب سے زیادہ بھاگ دوڑ فاسٹ بولرز کو کرنا ہوتی ہے'۔
اسٹاف ممبر کے مطابق 'فاسٹ بولرز کو سیٹیں اسی لیے دیں تاکہ وہ سیمی فائنل سے قبل اچھی طرح آرام کرلیں، ان کا سفر اچھا گزرے اور انہیں ٹانگیں پھیلانے کی جگہ بھی ملے جس سے انہیں سکون حاصل ہو '۔
واضح رہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے معیار کے مطابق ہر ٹیم کے لیے سفر کے دوران چار بزنس کلاس کی سیٹیں مختص کی جاتی ہیں جو عامر طور پر کپتان، نائب کپتان، کوچ اور ٹیم کے منیجر کے لیے ہوتی ہے۔
خیال رہے کہ بھارت انگلینڈ کے خلاف سیمی فائنل جمعرات کو کھیلے گا۔