10 نومبر ، 2022
ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے دوسرے سیمی فائنل میں انگلینڈ نے بھارت کو 10 وکٹوں سے بدترین شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا۔
آئی سی سی ٹورنامنٹ کا دوسرا سیمی فائنل آسٹریلیا کے شہر ایڈیلیڈ میں کھیلا گیا جہاں انگلش کپتان جوز بٹلر نے ٹاس جیت کر بھارتی کپتان روہت شرما کو بیٹنگ کی دعوت دی۔
بھارت نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 168 رنز بنائے اور انگلینڈ کو 169 رنز کا ہدف دیا جسے انگلینڈ نےکپتان جوز بٹلر اور ایلکس ہیلز کی 170 رنز کی شراکت داری کی بدولت با آسانی پورا کرلیا۔
ہیلز نے 47 گیندوں پر 86 اور بٹلر نے 49 گیندوں پر 80 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔
اس میچ میں انگلش اوپنرز نے ایک نیا کارنامہ بھی سرانجام دیا، ہیلز اور بٹلر کی بھارت کے خلاف 170 رنز کی شراکت داری ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں کسی بھی وکٹ پر سب سے بڑی پارٹنرشپ ہے۔
اس سے قبل جنوبی افریقا کے ڈی کوک اور روسو نے رواں ورلڈکپ میں ہی بنگلادیش کے خلاف 168 رنز کی ریکارڈ شراکت داری بنائی تھی۔
اس کے علاوہ ہیلز اور بٹلر نے پاکستانی اوپنرز رضوان اور بابر سے بھی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں سب سے بڑی اوپننگ پارٹنرشپ کا ریکارڈ چھینا۔
بابر اور رضوان نے گزشتہ سال متحدہ عرب امارات میں ہونے والے ورلڈکپ میں بھارت کے خلاف 152 رنز کی اوپننگ شراکت داری بنائی تھی۔