Time 13 نومبر ، 2022
کھیل

ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ فائنل: میلبرن کی وکٹ کس کیلئے سازگار ہو گی اور ٹاس کا کردار کتنا اہم ہو گا؟

میلبرن کرکٹ اسٹیڈیم کی وکٹ کا شمار آسٹریلیا کے سب سے زیادہ فلیٹ سرفیس رکھنے والے گراؤنڈز میں ہوتا ہے۔ فوٹو فائل
میلبرن کرکٹ اسٹیڈیم کی وکٹ کا شمار آسٹریلیا کے سب سے زیادہ فلیٹ سرفیس رکھنے والے گراؤنڈز میں ہوتا ہے۔ فوٹو فائل

پاکستان اور انگلینڈ کی ٹیموں کے درمیان آج میلبرن کرکٹ گراؤنڈ میں ہونے والے فائنل ٹاکرے کے لیے ٹاس بھی بہت اہمیت کا حامل ہو گا۔

پاکستان اور انگلینڈ کی ٹیمیں ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے فائنل میں پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر ایک بجے مدمقابل ہوں گی۔

دونوں فائنلسٹ ٹیموں کے پاس کئی میچ ونر کھلاڑی موجود ہیں لیکن میلبرن کرکٹ گراؤنڈ میں ہونے والے میچ میں ٹاس بھی بہت اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔

آسٹریلیا کے محکمہ موسمیات نے اتوار اور پیر کو بارش کی پیشگوئی کر رکھی ہے اور میلبرن میں اس وقت بادل چھائے ہوئے ہیں تاہم بارش کا امکان پہلے سے کم ہو گیا ہے۔

آج کے بڑے میچ کے لیے موسم کے علاوہ میچ بھی بہت زیادہ اہمیت کا حامل ہو گا کیونکہ میلبرن کرکٹ اسٹیڈیم کی وکٹ کا شمار آسٹریلیا کے سب سے زیادہ فلیٹ پچز رکھنے والے گراؤنڈز میں ہوتا ہے اور اس گراؤنڈ میں بولرز خاص کر سیمرز کو ابتدا میں تھوڑی مدد ملتی ہے لیکن جب بیٹرز سیٹ ہو جائیں تو پھر وہ آزادانہ اسٹروکس کھیل سکتے ہیں۔

لیکن چونکہ میلبرن میں بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے اس لیے ایم سی جی کی وکٹ نمی کی وجہ سے فاسٹ بولرز کے لیے عام حالات سے زیادہ فائدہ مند ثابت ہو سکتی ہے۔

کرکٹ تجزیہ کاروں کے مطابق میلبرن کی وکٹ عام طور پر اسپنرز کے لیے سازگار نہیں ہوتی اور بارش کے بعد بھی یہ وکٹ اسپنرز کے لیے زیادہ سودمند ثابت نہیں ہو گی۔

میلبرن میں کھیلے گئے میچز میں اب تک پہلی اننگز کا ایوریج اسکور 143 رنز ہے جو دوسری اننگز میں مزید کم ہو کر 127 رنز تک جاتا ہے۔

میلبرن کرکٹ گراؤنڈ میں اب تک کھیلے گئے 21 ٹی ٹوئنٹی میچز میں سے دوسری اننگز میں بیٹنگ کرنے والی ٹیم نے 11 جیتے جبکہ پہلی بیٹنگ کرنے والی ٹیم نے 9 میں کامیابی حاصل کی۔

لیکن بارش کی پیشگوئی کے باعث جو بھی ٹیم ٹاس جیتے گی وہ پہلے فیلڈنگ کی طرف ہی جائے گی۔

میلبرن کرکٹ گراؤنڈ پر سب سے زیادہ ٹوٹل بھارت نے زمبابوے کے خلاف 186 بنایا تھا جبکہ سب سے کم ٹوٹل بنانے کا اعزاز بھی بھارت کے پاس ہی ہے جس میں بھارتی ٹیم آسٹریلیا کے خلاف 74 رنز پر آؤٹ ہو گئی تھی۔

مزید خبریں :