کھیل
Time 14 نومبر ، 2022

بہت جان ماری لیکن توقعات پر پورا نہ اتر سکے: حارث رؤف

پاکستانی ٹیم نے مجموعی طور پر ناقابل یقین پرفارم کیا لیکن قسمت نے ساتھ نہ دیا: قومی فاسٹ بولر۔ فوٹو سوشل میڈیا
پاکستانی ٹیم نے مجموعی طور پر ناقابل یقین پرفارم کیا لیکن قسمت نے ساتھ نہ دیا: قومی فاسٹ بولر۔ فوٹو سوشل میڈیا

قومی ٹیم کے فاسٹ بولر حارث رؤف نے انگلینڈ سے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے فائنل میں شکست کے بعد سوشل میڈیا پر اپنے تاثرات کا اظہار کیا ہے۔

گزشتہ روز میلبرن کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے گئے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے فائنل میں انگلینڈ نے پاکستان کو 5 وکٹ سے شکست دیکر دوسری بار چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا۔

اس حوالے سے میچ کے بعد گفتگو کرتے ہوئے حارث رؤف کا کہنا تھا اگر ہم 150 تک اسکور کر لیتے تو شاید نتیجہ کچھ اور ہوتا لیکن پھر بھی ہم نے اپنی پوری کوشش کی، بین اسٹوکس کو جارحانہ گیندیں کرائیں لیکن وہ خوش قسمت رہے۔

بعد ازاں حارث رؤف نے سوشل میڈیا پر ایک بیان جاری کیا جس میں انہوں نے ٹیم مینجنمنٹ، کوچنگ اور سپورٹنگ اسٹاف کا شکریہ ادا کرتے ہوئے لکھا کہ آپ لوگوں نے پورے ٹورنامنٹ میں ہمیں سپورٹ کیا اور ہم پر اعتماد رکھا جو ہمارے لیے بہت اہمیت کا حامل تھا۔

قومی فاسٹ بولر نے پاکستانی فینز کا بھی شکریہ ادا کیا اور لکھا کہ دلی لگاؤ رکھنے والے جنونی فینز کا بھی بہت بہت شکریہ، ہمیں ایسا لگا کہ جیسے ہم اپنے ہوم گراؤنڈ میں کھیل رہے ہوں جو ناقابل یقین تھا۔

حارث رؤف کا کہنا تھا ہم نے اپنی پوری جان ماری لیکن یہ ہمارا دن نہیں تھا، انگلینڈ کی ٹیم بہت اچھا کھیلی اس لیے انہیں جیت کی مبارک ہو۔

فاسٹ بولر کا مزید کہنا تھا پاکستانی ٹیم نے مجموعی طور پر ناقابل یقین پرفارم کیا لیکن قسمت نے ساتھ نہ دیا اور ہم توقعات پر پورا نہ اتر سکے جس کا دکھ ہے، ہم مزید مضبوط اور مشکل ہو کر کم بیک کریں گے۔

قومی ٹیم کے مڈل آرڈر بلے باز خوشدل شاہ نے بھی سوشل میڈیا پر ایک بیان جاری کیا جس میں انہوں نے کہا کہ پوری کوشش کے باوجود فائنل جیت کر قوم کو تحفہ نہ دے سکے۔


مزید خبریں :