دنیا
25 اگست ، 2016

آزادکشمیر کے صدر کی بھارت کو ایک بار پھر مذاکرات کی پیشکش

آزادکشمیر کے صدر کی بھارت کو ایک بار پھر مذاکرات کی پیشکش

مظفرآباد آزاد کشمیر کے نئے صدر مسعود عبداللہ خان نے آزاد کشمیر کے چھبیسویں صدر کی حیثیت اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔ منصب سنبھالنے کے بعد آزادکشمیر کےنئے صدرنے کہا کہ بھارت نہتے کشمیریوں پر ظلم بند کرے ، انہوں نے کہا کہ ایک بار پھر بھارت کو مذاکرات کی دعوت دیتےہیں۔

چیف جسٹس آزاد کشمیر جناب جسٹس محمد اعظم خان نے اسمبلی کے سبز ہ زار میں مسعودخان سےحلف لیا ،اس موقع پر پاکستان کے وفاقی وزیر برائے کشمیر افیئر و گلگت بلتستان چوہدری برجیس طاہر ،وفاقی وزیر مملکت طارق فضل چوہدری، آل پارٹی حریت کانفرنس کے رہنماؤں سمیت وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر خان، ان کی کابینہ اور سول ملٹری کے اعلیٰ حکام موجود تھے۔

حلف کے بعد نئے صدر کو آزاد کشمیر پولیس کے چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا اور سلامی دی۔

نئے صدر آزاد کشمیر مسعود عبداللہ خان نے حلف کے بعد میڈیا سے مختصر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں جاری تحریک کو کشمیریوں کی مکمل حمایت حاصل ہے، بھارت کو چاہیے کہ وہ نہتے کشمیریوں پر ظلم بند کرے اور پاکستان سے مسئلہ کشمیر پر مذاکرات کرے ۔

انہوں نے کہا کہ ایک بار پھربھارت کو مذاکرات کی دعوت دیتے ہیں ۔

 

مزید خبریں :