پاکستان
27 ستمبر ، 2016

وفاق توانائی منصوبوں پرتعاون نہیں کررہا ،مراد علی شاہ

وفاق توانائی منصوبوں پرتعاون نہیں کررہا ،مراد علی شاہ

عمیمہ ملک ....وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ وفاق ہمارے ساتھ توانائی کے منصوبوں پر تعاون نہیں کررہا، کیٹی بندر سمیت دیگر بجلی کے پیداواری منصوبے لگانے کی اجازت دی جائے، التوا میں پڑے ٹیرف کا معاملہ حل ہو تو 2018 تک 800 میگاواٹ بجلی پیدا کرسکتے ہیں ۔

سندھ اسمبلی کے اجلاس میں محکمہ توانائی کے سوالات کا جواب وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ جنوری 2017 تک سسٹم میں سو میگاواٹ تک بجلی آجائے گی، نارا کینال میں بجلی کی پیداوار کیلئے جس کمپنی کو کام دیا تھا اس نے تاخیرکی۔

انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم سے بھی ملاقات میں کہا ہے کہ ہمیں بجلی کے پلانٹ کیلئے اجازت دی جائے،سندھ حکومت لاکھڑا میں پاور پلانٹ لگانا چاہتی ہے ،نوری آباد میں بھی 250 میگاواٹ کے مزید پلانٹ لگانا چاہتے ہیں۔

وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ وفاق کے ساتھ بجلی ٹیرف کے معاملات ابھی حل نہیں ہوئےاگر ٹیرف کا معاملہ حل ہو تو 2018 تک 800 میگاواٹ بجلی پیدا کرسکتے ہیں۔

وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ ٹھٹھہ سجاول پل پر ہیوی ٹریفک کیلیے فو ر لین برج بنارہے ہیں، تھرپارکر میں ایئر پورٹ بنانے کیلئے سول ایوی ایشن کو ٹھیکا دیا تھا، ٹھیکدار نے چونا لگادیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ تھرکول ملکی بجلی کی ضروریات پوری کرسکتاہے،ہم 25 ہزار میگاواٹ بجلی پیداکرنے کی منصوبہ بندی کررہے۔