پاکستان
27 ستمبر ، 2016

سندھ اسمبلی : حکومتی ارکان اسپیکر ،ڈپٹی اسپیکر کے رویے پر برہم

سندھ اسمبلی : حکومتی ارکان اسپیکر ،ڈپٹی اسپیکر کے رویے پر برہم

عمیمہ ملک...سندھ اسمبلی میں پہلی بار حکومتی ارکان اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے رویے پر شدید برہم ہوگئے اور انہوں نے ا حتجاجاً ایوان سے واک آؤٹ کیا، ایوان میں شورشرابہ اور کورم پورا نہ ہونے کی وجہ سے دوبار اجلاس ملتوی کرنا پڑا۔

ڈپٹی اسپیکر شہلا رضا کی زیر صدارت اجلاس میں صوبائی وزیر امداد پتافی اور معاون خصوصی تیمور تالپور ڈپٹی اسپیکر کی جانب سے سندھی زبان کی قرار داد پر بات کرنے کی اجازت نہ ملنے پر سیخ پاہوگئے اور شہلارضا کے رویے کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے واک آؤٹ کر گئے، تو ایوان شورشرابے کی نظر ہوگیا، جس پر ڈپٹی اسپیکر نے اجلاس پانچ منٹ کیلئے ملتوی کردیا، شہلارضا نے آج بھی ہیڈ ماسٹرنی کی طرح ارکان کو خوب ڈانٹ پلائی۔

مختصر وقفے کے بعد دوبارہ اجلاس شروع ہوا تو آغاسراج درانی کے اسپیکر کی کرسی پر برجمان ہوتے ہی ارکان کی جانب سے ایوان میں کورم پورا نہ ہونے کی نشاندھی کی گئی، جس پر اسپیکر نے ایک بار پھر 15منٹ کیلئے اجلاس ملتوی کردیا، اس موقع پر انہوں نے نثار کھوڑو سے کہا کہ کورم پورا کرنا حکومت کی ذمے داری ہے۔

اسپیکر کے رویے پر صو بائی وزیر نثار احمد کھوڑو بھی نالاں دکھائی دئیے انہوں نے جواب دیا کہ کورم پورا کرنا صرف حکومت کی ذمے داری نہیں۔

ایوان میں حکومتی ارکان اور اسپیکر کے درمیان تلخی کو اپوزیشن جماعتوں نے ڈرامہ قرار دیا۔

ایوان نے غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ، اوور بلنگ کے معاملے پر کے الیکٹرک کے خلاف، سندھی زبان کو قومی زبان کا درجہ دینے اور نجی اسپتالوں میں میڈیکو لیگل سینٹرقائم کرنے کی قراردیں متفقہ طور پر منظور کرلیں جبکہ ایک نجی بل متعارف کرایا گیا اور اقلیتوں کے حقوق سے متعلق کمیشن بنانے کی قائمہ کمیٹی کی رپورٹ بھی ایوان میں پیش کی گئی۔

 

مزید خبریں :