پاکستان
27 اکتوبر ، 2016

سندھ ہائیکورٹ:صوبےمیں آج ہی شراب خانے بند کرنے کا حکم

سندھ ہائیکورٹ:صوبےمیں آج ہی شراب خانے بند کرنے کا حکم

سندھ ہائیکورٹ نے سندھ بھر میں تمام شراب خانے آج ہی بند کرنے کاحکم دے دیا، ڈی جی ایکسائز تمام لائسنس منسوخ کریں اور آئی جی سندھ فوری عملدرآمد ممکن بنائیں ۔عدالت میں ہندو، عیسائی اور سکھ کمیونٹی کے مذہبی پیشواؤں نےبیان دیا کہ کوئی مذہب شراب پینے کی اجازت نہیں دیتا۔

چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ جسٹس سجاد علی شاہ کی سربراہی میں دورکنی بینچ نے شراب خانوں کے قیام کے خلاف درخواست کی سماعت کی۔

عدالت نے فیصلہ سنایا تو کمرہ عدالت تالیوں سے گونج اٹھا ، سائلین میں اقلیتی برادری ودیگر نے عدالتی فیصلے پرمسرت کا اظہار کیا۔ اس سے قبل دوران سماعت عدالت نے عدالتی حکم پر عملدرامد نہ کرنے پر ڈی جی ایکسائیز کی شدید سرزنش کی۔

عدالت میں موجود ہندو، سکھ اور عیسائی کمیونٹی کے مذہبی پیشواؤں سے دریافت کیا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ کوئی مذہب شراب پینے کی اجازت نہیں دیتا۔عدالت نے حکم دیا کہ شراب خانوں کے تمام لائسنس آج منسوخ ہونے چاہئیں ۔

ڈی جی ایکسائز تمام لائسنس منسوخ کریں اور آئندہ جب کوئی لائسنس مانگے تو اسکے مذہبی پیشوا سے تصدیقی سرٹیفکیٹ طلب کیا جائے ۔ عدالت نے ایڈووکیٹ جنرل سندھ کو حکم دیا کہ آئی جی سندھ کو ہدایت جاری کریں کہ آج ہی صوبے کے تمام شراب خانے بند کردئیے جائیں۔

 

مزید خبریں :