پاکستان
29 مارچ ، 2017

وزیراعلیٰ سندھ کا نقل کیخلاف سخت ایکشن کا اعلان، نتیجہ صفر

وزیراعلیٰ سندھ کا نقل کیخلاف سخت ایکشن کا اعلان، نتیجہ صفر

وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے میٹرک کے امتحانات میں نقل کے خلاف سخت ایکشن کا اعلان کیا لیکن نتیجہ صفر ہی رہا۔

سندھ میں میٹرک کے امتحانات میں نقل نہ رک سکی، کراچی میں نقل مافیا ایکشن میں نظر آئی، شکارپور، جیکب آباد اور لاڑکانہ کے اسکولوں میں بھی نقل کا مواد اور موبائل فون برآمد کیے گئے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے نقل روکنے کے لیے امتحانی مراکز میں تمام سہولتیں دینے کا وعدہ،لیکن نہ نقل رُکی اور نہ سہولتیں ملیں،یعنی دعوے بہت تھے اور نتیجہ صفر رہا،سندھ میں میٹرک کے امتحانات کے دوسرے روز بھی دیکھنے والوں نے وہی دیکھا جو ہر سال دیکھنے میں آتا ہے۔

کراچی میٹرک بورڈ نے ایسے اسکول میں امتحانی مرکز بنا دیا جہاں بجلی ہی نہیں، سیکنڈری اسکول جٹ لائن میں بچوں نے شدید گرمی میں پرچہ حل کیا۔

کراچی میں امتحانی مراکز میں دفعہ 144کے نفاذ کے باوجود بوٹی چلانے والے نہیں رکے تاہم کیمرا دیکھ کر چیٹنگ کے ہتھیار چھپالیے۔

شکارپور میں گورنمنٹ گرلز ہائی اسکول،گورنمنٹ بوائزہائی اسکول 2 میں کھلے عام نقل ہوئی،کندھ کوٹ کے ہائر سکینڈری اسکول تنگوانی میں بھی کھل کر چیٹنگ کی گئی۔

لاڑکانہ کے گورنمنٹ پائلٹ ہائرسیکنڈری اسکول میں بھی طلبہ نے پھرے چلائے، کئی طلبہ سے نقل کا مواد اور موبائل فون برآمد ہوئے۔

سندھ بھر میں دھڑلے سے ہونے والی نقل، زبانی دعوؤں کے بجائے اصلی ایکشن کا مطالبہ کررہی ہے۔

 

مزید خبریں :